ایچ ای سی میں عالمی یوم امن انٹرنیشنل ڈے آ ف پیس کا انعقاد

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا قیام امن کیلئے تعلیم کی اہمیت اور نوجوانوں کے کردار پر زور

بدھ 21 ستمبر 2022 22:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2022ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے اعلٰی تعلیمی اداروں کے ذریعے معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ معاشرے میں عدم برداشت کی بڑھتی روش کا قلع قمع کیا جاسکے۔ ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں عالمی یوم امن کے موقع پر منعقد کردہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے معاشرے میں بڑھتی تقسیم، عدم برداشت، اختلاف برائے اختلاف اور بنیاد پرستی کے رجحانات کی حوصلہ شکنی اور اس سلسلے میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بطور قوم متنوع معاشرے میں اتفاق و یگانگت سے رہنے اواختلافات کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے، کیونکہ عدم برداشت معاشروں کو تباہ کردینے کا موجب ہے۔

(جاری ہے)

وزیر منصوبہ بندی نے چیئرمین ایچ ای سی کو ہدایت کی کہ جامعات میں یوتھ پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ کورپس کو بحال کیا جائے۔ انہوں میں جامعات پر زور دیا کہ طلباء کو سیلاب زدہ علاقوں میں خوراک پہنچانے اور ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لینے کے حوالے سے سرگرم کیا جائے تاکہ اس مشکل وقت میں ہمارے ہم وطن سیلاب متاثرین امداد سے محروم نہ رہیں۔

چیئرمین ایچ ای سی نے عالمی یوم امن کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی اور قیام امن کے لیے تعلیم کی اہمیت سے متعلق نیلسن منڈیلا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم دنیا کے تبدیل کرنے کے لیے سب سے طاقتور ہتھیار ہے۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ روزمرہ زندگی میں امن کے سفیر کا کردار ادا کریں اور قیام امن کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی نے اسلام امن کا دین ہے اور اس دین کا نام ہی امن و آشتی کے فروغ کی اہمیت پر دلالت کرتا ہے۔

انہوں نے معاشرے میں اسلام کی اصل روح کو اپنانے اور باہمی محبت، عزت اور اخوت سے رہنے پر زور دیا۔ اسسٹنٹ پروفیسر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر صائمہ اشرف کیانی نے زور دیا کہ عالمی سطح پر امن کے لحاظ سے پاکستان بہت پیچھے ہے، جیسا کہ عالمی پیس انڈیکس میں پاکستان 163ممالک میں سے 159نمبر پر ہے۔ انہوں نے امن کی تعریف بیان کرتے ہوئے مارٹن لوتھر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگوں کا نہ ہونا ہی امن نہیں بلکہ انصاف اور قانون کی بالادستی کی موجودگی امن ہے۔ تقریب میں ایچ ای سی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کے علاوہ کئی نمایاں شخصیات اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔