میٹ مرچنٹس نے گوشت کی ایکسپورٹ پر پابندی اور جانوروں کی امپورٹ کے پرمٹ جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا

جمعرات 6 اکتوبر 2022 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2022ء) میٹ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر حاجی عبدالمجید جمشید روڈ والے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں جانوروں کی قلت کے خاتمے اور گوشت کی قیمتوں میں استحکام کے لیے فوری طور پر چھ ماہ کے لیے گوشت کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد کرکے بیرون ملک سے مویشی امپورٹ کرنے کے پرمٹ جاری کیے جائیں۔

یہ مطالبہ انہوں نے بھینس کالونی میں مویشی پیڑی کے دورے کے دوران بیوپاریوں سے ملاقات کے بعد کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیئرمین جاوید قریشی، سینئر نائب صدر حاجی عبداللہ، جنرل سیکریٹری سکندر اقبال، حافظ غیاث الدین، کامران قریشی، طاہر پرویز، ہارون قریشی، کامل قریشی، اسماعیل قریشی، سوید قریشی، اسلم قریشی، ممبران مجلسِ عاملہ و سینئر ممبران بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

بیوپاریوں سے بات چیت کرتے ہوئے قائم مقام صدر حاجی عبدالمجید نے حالیہ سیلاب کے باعث لاکھوں جانوروں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ ملک میں خصوصاً سندھ میں لاکھوں جانوروں کی ہلاکت کے بعد جانوروں کی قلت کے باعث گوشت کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ مختلف علاقوں سے آئے ہوئے بیوپاریوں نے میٹ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے عہدے داران کو بتایا کہ ان کے علاقوں میں سیلاب کے باعث بڑی تعداد میں جانور مر گئے ہیں۔

اندرون سندھ ٹھٹھہ، بدین، دادو سے آئے ہوئے بیوپاریوں کا کہنا تھا کہ ان کے علاقوں میں ایک ماہ سے زائد عرصہ ہونے کے باوجود پانی نکالا نہیں جا سکا ہے، سیلاب کے نتیجے میں ڈوب کر جو مویشی مر گئے وہ علیحدہ ہیں، لیکن اب مسلسل مر رہے ہیں کیونکہ نہ چارہ دستیاب ہے نہ ہی جانوروں کے لئے پانی، اور پانی کھڑا ہونے کے باعث زمینوں پر چارہ اگایا بھی نہیں جا سکتا جس سے خدشہ ہے کہ آئندہ کئی ماہ تک وہ جانوروں کے لیے خوراک کا انتظام نہیں کر سکیں گے۔

حاجی مجید نے کہا کہ جانوروں کی قلت کے باعث کراچی پہنچنے والے جانوروں کی قیمتیں بہت بڑھ گئی ہیں،اگلے چند ہفتوں تک یہی صورتحال رہی تو کراچی میں گوشت کی قلت اور قیمتیں بڑھ جائیں گی۔شادیوں کے سیزن کے باعث شہر میں گوشت کھپت بڑھ جائے گی۔انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت سندھ نے بروقت قیمتوں کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات نہیں کیے تو گوشت کی قلت پیدا ہو جائے گی وفاقی حکومت فوری طور پر چھ ماہ کے لیے ایکسپورٹ پر پابندی لگائے اور امپورٹ لائسنس جاری کرے۔