پی ٹی آئی نوجوان راہنما عامر علی اعوان کی سردار امتیاز شاہین سے ملاقات

معاون خصوصی برائے ترقیاتی منصوبہ جات بننے پر مبارکباد،گلدستہ پیش کیا ،نیک تمنائوں کا اظہار

جمعرات 13 اکتوبر 2022 14:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے متحرک نوجوان راہنما ملک عامر علی اعوان کی وفد کے ہمراہ سردار امتیاز شاہین سے ملاقات،معاون خصوصی برائے ترقیاتی منصوبہ جات بننے پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا۔وفد میں ان کے ہمراہ ملک فرازاحمد،ریاض جنجوعہ،راجہ لیاقت ودیگر بھی موجود تھے ۔ملک عامر علی اعوان نے سردار امتیاز شاہین کے لیے نیک تمناوں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ملک عامر علی اعوان نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس خان کا خصوصی طورپر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے انتہائی فعال، دیرینہ کارکن،سیاسی سماجی شخصیت سردار امتیاز شاہین کو معاون خصوصی کے عہدے پر تعینات کیاہم اس توقع کا اظہار کرتے ہیں کہ سردار امتیاز شاہین عوامی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سردار تنویر الیاس ایک ویژنری وزیراعظم ہیں انہوں نے عام انتخابات میں جتنے بھی عوام سے وعدے کیے ہیں ان سب پر عملدرآمد کررہے ہیں۔ملاقات میں آمدہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سردار امتیاز شاہین نے کہا کہ ان شاء اللہ تحریک انصاف آزادکشمیر بھر سے آمدہ بلدیاتی الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی۔آزادکشمیر کے عوام نے جس طرح عام انتخابات میں تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اسی طرح بلدیاتی الیکشن میں بھی پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کامیاب کریں گے۔