کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تبدیلی سے متعلق آئی جی سی ایف نے حکم امتناع ختم کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

منگل 8 نومبر 2022 16:30

․کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2022ء) سندھ ائیکورٹ میں کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تبدیلی سے متعلق آئی جی سی ایف نے حکم امتناع ختم کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔ کے الیکٹرک، درخواست گزار اور دیگر فریقین نے تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تبدیلی کے خلاف حکم امتناع جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے فریقین سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ سعودیہ اور کویت کی کمپنیوں الجمیعہ اور ڈینما انویسٹمنٹ نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تبدیلی کو چیلنج کررکھا ہے۔ درخواست میں آئی جی ایف سی ،الویرض ، مارصل اور کراچی اسٹاک ایکسچینج بھی فریق بنایا گیا۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تبدیلی کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے سیکیورٹی کلیئرنس کی منظوری لازمی ہے۔

(جاری ہے)

بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 75 فیصد اسٹیک ہولڈرز کی منظوری کے بغیر بورڈ میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔ متعدد ریگولیٹری اداروں کی منظوری کے بغیر ڈائریکٹرز کی تبدیلی نہیں ہوسکتی۔ شیئر ہولڈرز اور ریگولیٹری اداروں کی منظوری کے بغیر ڈائریکٹرز کے انتخابات بھی ممکن نہیں۔ کے الیکٹرک اور دیگر کی جانب سے انتظامیہ کی تبدیلی سے متعلق اقدامات غیر قانونی قرار دیئے جائیں۔ فریقین کو ہدایت کی جائے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کی تبدیلی کے پاکستانی قوانین کے تحت کی جائے۔