Live Updates

' پنجاب اسمبلی اجلاس ، سابق نگران وزیر اعظم میر بلخ شیر مزاری وصوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس کی والدہ کے انتقال اوراستنبول کے شہدا کیلئے دعائے مغفرت

ؔعمران خان پر قاتلانہ حملے اور اعظم سواتی کی غیر قانونی گرفتاری پر مذمتی قرارداد پی کثرت رائے سے منظور

پیر 14 نومبر 2022 18:30

؛ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2022ء) سپیکرپنجاب اسمبلی محمد سبطین خان کی زیرِ صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت اور نعت شریف کے بعد پنجاب اسمبلی میں سابق نگران وزیر اعظم میر بلخ شیر مزاری وصوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس کی والدہ کے انتقال اوراستنبول کے شہدا کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔اجلاس میں قواعد کی معطلی کے بعد صوبائی وزیر پارلیمانی امور محمد بشارت راجا نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے اور اعظم سواتی کی غیر قانونی گرفتاری پر مذمتی قرارداد پیش کی،جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ۔

قرارداد میں کہا گیا کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان 19 اکتوبر 2022 اور 4 نومبر 2022کو اس ایوان میں پاس کردہ مذمتی قرارداد وں پر وفاقی حکومت کی جناب سے کسی بھی قسم کا ایکشن نہ لینے کی پر تشویش کا اظہار کرتا ہے اور وفاقی حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ کرتا ہے کہ وزیر آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے دوران پارٹی چیئرمین اور سابق وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان صاحب اور دیگر رہنماؤں پر قاتلانہ اور بزدلانہ حملے اور سینٹر جناب اعظم خان سواتی کی رات کے اندھیرے میں غیر قانونی گرفتاری اور ان پر امپورٹڈ حکومت کی ایما ء پر ہونے والے ظلم و ستم و بہیمانہ جسمانی اور ذہنی تشدد کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔

(جاری ہے)

مزید برآں یہ ایوان چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے بھی درخواست کرتا ہے کہ وہ وزیرآباد میں پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے دوران پارٹی چیئرمین اور سابق وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان صاحب اور دیگر رہنماؤں پر قاتلانہ اور بزدلانہ حملہ اور سینٹر جناب اعظم خان سواتی کی رات کے اندھیرے میں غیر قانونی گرفتاری اور ان پر امپورٹڈ حکومت کی ایما ء پر ہونے والے ظلم و ستم و بہیمانہ جسمانی اور ذہنی تشدد کی انکوائری کے لئے اپنی سر بر اہی میں ایک جوڈیشل کمیشن بنائے جو ان دونوں واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کریں اور ان کو قرار واقعی سزا دے۔

بعدازاں صوبائی وزیر پارلیمانی امور محمد بشارت راجا نے ارشد شریف، سینئر اینکر پرسن کو کینیا میں فائرنگ کرکے شہید کرنے کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی۔جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان 26 اکتوبر 2022 کو اس ایوان میں پاس کردہ مذمتی قرارداد جس میں ارشد شریف،سینئر اینکر پرسن کو کینیا میں فائرنگ کرکے شہید کرنے پر شدید الفاظ میں مذمت کا اظہار کیا گیا تھا اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے اس قتل کو آزادی اظہار رائے پر حملہ تصور کیا گیا تھا اور وفاقی حکومت سے قتل کی شفاف جوڈیشل انکوائری کروانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے اس قرارداد پر کسی بھی قسم کا کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔یہ ایوان وفاقی حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ کرتا ہے کہ جنا ب ارشد شریف،سینئر اینکر پرسن کو کینیا میں ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہید کرنے پر جوڈیشل انکوائری کروائے اور اور ذمہ داروں کو بے نقاب کرتے ہوئے قرار واقعی سزا دے۔ یہ ایوان چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے بھی درخواست کرتا ہے کہ وہ ارشد شریف،سینئر اینکر پرسن کو کینیا میں ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہید کرنے پر اپنی سربراہی میں ایک جوڈیشل کمیشن بنائیں جو اس قتل میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کریں اور ان کو قرار واقعی سزا دے۔

بعدازاں گورنر پنجاب سے واپس آیا ہوا مسودہ قانون ترمیم خواتین کا تشدد سے تحفظ پنجاب 2022ء صوبائی وزیر پارلیمانی امور محمد بشارت راجا نے دوبارہ ایوان میں پیش کیا۔ جسے متفقہ طور پر منظور کر لیاگیا۔ اجلاس کا ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر نے اجلاس مورخہ 28نومبر 2022 بروز سوموار سہہ پہر 03 بجے تک ملتوی کر دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات