گورنرسندھ کا کراچی چڑیا گھر کا دورہ،جانوروں کی دیکھ بھال ، ترقیاتی منصوبے اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا

ہفتہ 26 نومبر 2022 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2022ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی چڑیا گھر پورے ملک میں شہرکی پہچان ہے اس کی بہتری کے لئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب اور ان کی ٹیم بہت اچھا کام کررہے ہیں، اس ضمن میں میرا تعاون ان کے ساتھ ہے۔ گورنرہائوس سے ہفتہ کوجاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چڑیا گھر کے دورہ کے دوران کیا۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب ، میونسپل کمشنر افضال زیدی ، سینئر ڈائریکٹر رضا عباس، ڈائریکٹر محمد راشد ، کمیونٹی پولیس کے ڈائریکٹر راجہ رستم بشیر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنرسندھ نے چڑیا گھر میں جانوروں کی دیکھ بھال ، جاری ترقیاتی منصوبے اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیااور موقع پر ہی ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ شتر مرغ انکلوژر گئے اور وہاں پر جاری کام کو سراہا۔

انہوں نے بہترین انتظامات پر انتظامیہ کوشاباش دی۔گورنرسندھ نے ہتھنی مدھو بالا اور نورجہاں کو فروٹ بھی کھلائے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا چڑیا گھر بہترین تفریح گاہ بھی ہے ،شہر سمیت پورے ملک کے لوگ یہاں بڑی تعداد میں آتے ہیں۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ میں ٹی وی دیکھ رہا تھا ، ٹی وی پر کراچی چڑیا گھر میں ایڈمنسٹریٹر کراچی کسی کو یہاں کے ترقیاتی کام کے حوالہ سے آگاہ کررہے تھے تو میں نے ان کو ٹیلی فون کیا اور ان سے کہا کہ میں کراچی چڑیا گھر آنا چاہتا ہوں تاکہ میں وہاں پر کئے جانے والے ترقیاتی کام کو دیکھوں اور اس میں مزید بہتری کے لئے تجاویز دوں۔

انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی اچھا کام کررہے ہیں اس لئے میں یہ کام دیکھنا بھی چاہتا تھا جس طرح سے مجھے بتایا گیا ہے اگر یہ ا س حوالہ سے عملدرآمد کرالیتے ہیں تو پھر کراچی میں ایک ایسی بہترین تفریح گاہ بنائی جا سکتی ہے جسے شہر سمیت پورے ملک بالخصوص اوورسیز پاکستانی بھی اپنی فیملی کے ساتھ یہاں آکر فخر محسوس کرسکیں۔گورنرسندھ نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لئے ایڈمنسٹریٹر بہت دلچسپی لے رہے ہیں جہاں تک بھی ممکن ہوا میری مکمل حمایت ان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ بھی شہر اور صوبہ کے لئے بہت اچھا سوچتے ہیں انشااللہ جلد بہت کچھ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس صوبہ کی خدمت کرسکتے ہیں اور خاص طور پر کراچی کی بہتری کے لئے بھرپور اقدامات ہر جگہ نظر بھی آنے چاہئے اس ضمن میں ایڈمنسٹریٹر سے بار بار رابطہ کرکے ان سے پوچھتا رہتاہوں کس طرح مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ وفاق کا نمائندہ اور سب کا گورنرہوں ، سب جماعتوں سے مسلسل رابطے ہیں اور باہمی مشاور ت سے معاملات حل کررہے ہیں۔میئر کراچی کے انتخاب کے حوالہ سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ شہر کے لئے میئر منتخب کرنا عوام کا حق ہے اور شہری جسے چاہیں اسے منتخب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ فوزیہ وہاب میری بڑی بہن کی طرح تھیں انہوں نے ہمیشہ مجھے بہت محبت اور شفقت دی آج ان کے بیٹے شہر کے ایڈمنسٹریٹر عوامی فلاح و بہبود کے اچھے کام کررہے ہیں جسے دیکھ کر مجھے خوشی ہوتی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر میں بہت کچھ کررہے ہیں میڈیا کے ذریعہ ان کاموں کی تشہیر ہوئی جس پر گورنرسندھ کو اس حوالہ سے علم ہوا ، گورنرسندھ کا شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے اس اقدام کو نہ صرف سراہا بلکہ اپنی مکمل حمایت کا بھی یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کو اس بات کی ضرورت ہے کہ سب مل کر شہر کے مثبت تاثرکو اجاگر کریں تاکہ شہر کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر ہو سکے امید ہے کہ باہمی تعاون کا سفر اسی طرح جاری رہے گا۔

بعد ازاں گورنرسندھ نے باغ جناح المعرو ف پولو گرانڈ کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکیورٹی انتظامات پر موجود سٹی وارڈن سے مصافحہ کیا اور اسے شاباش دی۔ گورنرسندھ جناح گرائونڈ پر بنائے گئے چڑیا گھر بھی گئے اور وہاں پر پرندوں سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ گورنرسندھ نے کہا کہ یہ ایک اچھی کاوش ہے اس سے لوگوں کا جناح گرائونڈ آنے کا رجحان بھی بڑھے گا۔