Live Updates

الیکشن کمیشن نے عمران خان کیخلاف 5 کیسز کی سماعت 13 دسمبر کو مقرر کردی

عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن، پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے اور انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے سمیت پانچ کیسز کی سماعت 13دسمبر کو ہوگی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 7 دسمبر 2022 21:22

الیکشن کمیشن نے عمران خان کیخلاف 5 کیسز کی سماعت 13 دسمبر کو مقرر کردی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر 2022ء) الیکشن کمیشن نے عمران خان کیخلاف 5 کیسز کی سماعت 13دسمبر کو مقرر کردی، عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن، پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے اور انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے سمیت دیگر کیسز کی سماعت 13 دسمبر کو ہوگی۔ جیو نیو ز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف کیسز کی سماعت کیلئے کاز لسٹ جاری کردی ہے، جس کے تحت عمران خان کے خلاف 5 کیسز کی سماعت تیرہ دسمبر کو ہوگی۔

کازلسٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کے خلاف بھی توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 13 دسمبر کو ہوگی۔ عمران خان کی جانب سے انتخابی اخراجات جمع نہ کرانے کے معاملے کی سماعت بھی 13 دسمبر کو ہوگی۔

(جاری ہے)

عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت بھی تیرہ دسمبر کوہوگی، عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت تیرہ دسمبر کو ہوگی۔

پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کیس میں اکبر ایس بابر کیس کی سماعت تیرہ دسمبر کوہوگی۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو نااہل کیا گیا تو مزید نفرتیں پیدا ہوں گی، عوام کے فیصلوں کو تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب کابینہ میں ایک وزیر کے حلف اٹھانے سے غلط تاثر پیدا ہوا،وزیر کا حلف نہیں ہونا چاہیے تھا۔

ڈوبتی معیشت کے خلاف چاروں حکومتیں اسلام آباد میں احتجاج کریں گی۔ اسی طرح وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماوٴں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں انتخابات اور اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق مشاور ت کی اور تبادلہ خیال کیا گیا، عمران خان نے ڈویژن کی سطح پر میٹنگز کا آغاز کیا ہے، عمران خان نے کہا کہ میں اپنی بات پر قائم ہوں کہ مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں، جس کیلئے اسمبلیوں کی تحلیل ہماری سنجیدگی کا پہلا مظاہر ہ ہوگا۔

پارٹی قیادت نے عمران خان کو اسمبلیوں کی تحلیل کا اختیار دیا ہے، جس کے تحت عمران خان خیبرپختونخواہ اور پنجاب اسمبلی توڑنے کا اگلے چند روز میں ارادہ رکھتے ہیں، جس کے بعد سارے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اگر عام انتخابات کی طرف نہیں جانا چاہتے اور ملک کو مزید ڈبونا چاہتے ہیں، تو یہ ان کا فیصلہ ہے۔ لیکن ہماری خواہش ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں الیکشن عمل رمضان المبارک سے قبل مکمل ہوجانا چاہیے اور صوبائی حکومتیں بن جانی چاہئیں، واضح ہوجانا چاہیے کہ عمران خان اس حوالے سے کتنے سنجیدہ ہیں۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات