Live Updates

ڈیلی میل کا اعتراف ہے کہ اس جھوٹ کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے،رانا ثناء اللہ

عمران خان شہباز شریف کیخلاف جھوٹی خبریں شائع کروا کر خود گھڑیاں چوری کرتا رہا،جو کہتا تھا ہم کیس دیکھتے ہیں فیس نہیں،وہ اب کسی کو فیس دیکھنے کے قابل نہیں رہے،وفاقی وزیر داخلہ

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 9 دسمبر 2022 12:08

ڈیلی میل کا اعتراف ہے کہ اس جھوٹ کا ماسٹر مائنڈ عمران خان  ہے،رانا ثناء ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 09 دسمبر 2022ء) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ڈیلی میل کے ذریعے شہبازشریف کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی،عمران خان شہباز شریف کیخلاف جھوٹی خبریں شائع کرتا رہا اور خود گھڑیاں چوری کرتا رہا۔ڈیلی میل کا اعتراف ہے کہ اس جھوٹ کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔ رانا ثناء اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جو کہتا تھا ہم کیس دیکھتے ہیں،فیس نہیں،وہ اب کسی کو اپنا فیس دکھانے کے قابل نہیں رہے،آئین کے تحت جھوٹا،چور اور خائن لیڈر نہیں بن سکتا۔

پی ٹی آئی کے لوگ عمران خان کو لیڈرشپ کے عہدے سے ہٹائیں،پی ٹی آئی والے کسی نیک اور ایماندار کو چیئرمین بنائیں۔ دوسری جانب ڈیلی میل کیجانب سے معافی مانگنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ردِعمل میں کہا کہ 3 سال تک میری اور میرے خاندان کی کرار کشی کی گئی،سرخرو ہونے پر اللہ کے حضور سر جھکاتا ہوں،اللہ پر غیر متزلزل ایمان تھا کیونکہ صرف وہی ان کے جھوٹ کو بے نقاب کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

دوست ملکوں سے تعلقات کو نقصان پہنچنے کی بھی پرواہ نہ کی گئی،انہوں نے بے بنیاد الزامات کے ذریعے میرا اور میرے خاندان کا مذاق اڑایا۔یاد رہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے وزیراعظم شہبازشریف اور داماد عمران علی سے معافی مانگ لی اور کہا کہ تسلیم کرتے ہیں شہبازشریف نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔وزیراعظم شہبازشریف سے معذرت خواہ ہیں،قبول کرتے ہیں کہ شہبازشریف نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

ڈیلی میل نے الزام لگایا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور خاندان نے سیلاب زدگان کے فنڈز میں خرد برد کی ہے،ڈیلی میل نے 14 جولائی 2019 میں آرٹیکل میں وزیراعظم شہباز شریف پرالزام لگایا تھا،قومی احتساب بیورو نے شہبازشریف سے متعلق تحقیقات کی اطلاع دی تھی جبکہ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈیلی میل نے شہباز شریف سے معافی مانگ لی ہے،اللہ تعالٰی نے شہباز شریف کو سرخرو کیا،شہبازشریف پر کسی قسم کی کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی،یہ صرف شہباز شریف کو بند کروانا چاہتے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات