پنجاب کی جیلوں کے قیدیوں اور ملزموں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لئے پے رول افسران کی استعداد کار بڑھانے اور خطرات جانچنے بارے دو روزہ ورکشاپ 20,21دسمبر کو بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقد ہوگی

اتوار 18 دسمبر 2022 15:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2022ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن کے منظور شدہ ریسرچ پراجیکٹ کی روشنی میں پنجاب کی جیلوں کے قیدیوں، حوالات اور ملزموں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لئے " پنجاب پروبیشن/پے رول افسران کی استعداد کار کو بڑھانے اور خطرات کو جانچنے"کے لئے دو روزہ ورکشاپ 20,21دسمبر کو پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقد ہوگی، پراجیکٹ کے بین الاقوامی و قومی شراکتدار قیدیوں،حوالات اور ملزموں کو مفید شہری بنانے کے لئے جدید معیارات اور طریقوں پر روشنی ڈالیں گے۔

پراجیکٹ کے پرنسپل انوسٹیگیٹر آفیسر و چیئرمین شعبہ کریمنالوجی وسوشیالوجی، پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی پروفیسر مظہر حسین بھٹہ کے مطابق ایچ ای سی کے منظور شدہ ریسرچ پراجیکٹ "پروبیشن سروسز کو جدید خطوط پر استوار کرنے، خطرات، قیدیوں کی ضرویات کی تشخیص " کے تحت 2روزہ ورکشاب 20,21دسمبر کو پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی میں منعقد ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کی بین الاقوامی تعلیمی شراکتدارپروفیسر ڈاکٹر شیلے برائون ہیں جو کہ یونیورسٹی آف کیلٹین کینیڈا کے شعبہ جینڈر اینڈ کرائم لیب کی ڈائریکٹر ہیں ، دیگر شراکتدارو میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کا شعبہ لا،پالیسی و پروسیجر، پروبیشن اینڈ پے رول سروسز ڈیپارٹمنٹ پنجاب، نیشنل پولیس بیورو اور متعلقہ اداروں کے ریسرچ ڈیپارٹمنٹ شامل ہیں۔

پروفیسرڈاکٹر مظہر حسین بھٹہ نے دو روزہ ورکشاپ سے متعلق بتایا کہ اس میں پروفیسر ڈاکٹر شیلے برائون آن لائن خطاب کریں گی جبکہ ورکشاپ میں پنجاب پروبیشن و پے رول سروسز ڈیپارٹمنٹ کے نامزد کردہ15 پروبیشنز افسران ، جیل خانہ جات پنجاب کے ایڈیشنل آئی جی ، وزارت داخلہ کے ذیلی ادارے نیشنل اکیڈمی فار پرزنر ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل پولیس بیورو پاکستان اور ڈائریکٹر ٹریننگ اینڈ ریسرچ نیب ہیڈکوارٹر اور فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی کے شعبہ قانون و پالیسی کے سربراہ سمیت دیگر ماہرین بھی اظہار خیال کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پروبیشن/پے رول سروسز کے اعداد و شمار کے مطابق ماہ جنوری 2022 میں پنجاب بھر کی جیلوں سے 55ہزار 687 قیدی پروبیشن پر ہیں، ان قیدیوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لئے اقدامات وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس پراجیکٹ کا مقصد جیلوں میں قیدیوں کی کونسلنگ میں کلیدی کردار ادا کرنے والے پنجاب کے ادارےپنجاب پروبیشن و پے رول سروسز کے پروبیشنز افسران کی عالمی معیارات کے تناظر میں استعداد کارکو بڑھانا، تشخیص اور بحالی کے عمل میں فاصلے ختم کرنے کے لئے وے فاورڈ تلاش کرنا ہے۔