بدین میں ذوالفقارمرزا کے حمایت یافتہ امیدواروں کو شکست، پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

پیر 16 جنوری 2023 14:09

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2023ء) بدین میں بلدیاتی انتخابات میں سابق وزیر داخلہ سندھ اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای) کے رہنما ذوالفقار مرزاکے حمایت یافتہ امیدواروں کو شکست دیتے ہوئے پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن سمیت دیگر اضلاع میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد مختلف حلقوں سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج نہ رک سکے ۔

غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق ضلع کونسل بدین اور میونسپل کمیٹی بدین میں پیپلز پارٹی نے ذوالفقار مرزا کے حمایت یافتہ امیدواروں کو شکست دیدی ہے۔ضلع بدین میونسپل کمیٹی بدین کے تمام 14 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج آگئے جس کے مطابق پیپلز پارٹی 12، تحریک انصاف اورجی ڈی اے 1،1 وارڈسے کامیاب ہو گئی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ضلع بدین میونسپل کمیٹی ماتلی کے تمام 12 وارڈز کے غیرسرکاری نتیجہ کے مطابق پیپلزپارٹی 11، آزاد امیدوار 1 وارڈ سے کامیاب ہو گئے،بدین ٹاؤن کمیٹی راجو کنانی کے 4 میں سے 3 وارڈز پر پیپلز پارٹی ایک وارڈ پرجی ڈی اے کامیاب ہو گئی۔

بدین ٹاؤن کمیٹی پنگریو میں 2 وارڈ پر پیپلزپارٹی،1پر جی ڈی اے کامیاب ہو گئی ہے ، بدین ٹاؤن کمیٹی ٹنڈو باگو میں پیپلز پارٹی 6، آزاد امیدوار 1 وارڈ سے کامیاب ہوگئے ،باقی 2 وارڈز پر امیدواروں کی وفات کے باعث پولنگ ملتوی ہوگئی تھی۔اس کے علاوہ دین،ٹاؤن کمیٹی تلہار، میں 9 پر پیپلز پارٹی،2پرآزادامیدوارکامیاب ہوئے۔