Live Updates

پی پی، ن لیگ کی قیادت نے قومی خزانہ لوٹ کر قوم کے نونہالوں کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا،مہربانوقریشی

عمران خان ذاتیات کی سیاست نہیں بلکہ ملکی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں، اقتدار عمران خان کی منزل ہوتی تو وہ دو صوبوں کی اسمبلیاں قربان نہ کرتے،پاکستان تحریک انصاف کی رہنما

بدھ 18 جنوری 2023 21:45

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2023ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مہر بانو قریشی نے کہا ہے کہ پی پی، ن لیگ کی قیادت نے قومی خزانہ لوٹ کر قوم کے نونہالوں کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا، ہر پیدا ہونے والا بچہ مقروض پیدا ہو رہاہے، انہیں قوم کے بچوں کی فکر نہیں، انہیں اپنی اولاد کی فکر ہے،امپورٹڈ حکمرانوں کو اقتدار میں پاکستان اچھا لگتا ہے،اقتدار کے بعد بیرون ملک،عمران خان واحد سیاستدان ہیں جو قوم کے نونہالوں کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں،وقت آگیا ہے قوم کو فیصلہ کن کردار اداکرناہوگا،اپنے بچوں کو غلامی سے نجات دلانے اور بہتر مستقبل کیلئے عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا،قومی ابھی بھی نہ جاگی تو اسے بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں یونین کونسل لوٹھڑ میں مختلف مقامات پر خواتین کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا عمران خان ذاتیات کی سیاست نہیں بلکہ ملکی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں، وہ اقتدار کے لئے سیاست نہیں کررہے بلکہ ہماری آنے والی بہتری کی جنگ لڑ رہے ہیں،اگر اقتدار عمران خان کی منزل ہوتی تو وہ دو صوبوں کی اسمبلیاں قربان نہ کرتے،عمران خان کو اقتدار عزیز نہیں،وہ صرف اور صرف قائداعظم کے ویژن کے مطابق ایک اچھی قوم کی تشکیل اور ایک نئے پاکستان کے لئے جدوجہد کررہے ہیں،عمران خان کی تحریک میں ہم سب کو ان کا ساتھ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا امپورٹڈ حکمرانوں نے ملک کو مشکل میں ڈال دیاہے،ملک شدید معاشی اور سیاسی بحرانوں کی زد میں ہے،امپورٹڈ حکمرانوں کے پاس ملک چلانے کی نہ تو کوئی اہلیت ہے اور نہ ہی روڈ میپ۔ ایک سازش کے تحت عمران خان کو اقتدار سے الگ کرکے ملک میں چلتی ترقی کا سفر روک دیاگیا،نا اہل اور امپورٹڈ حکمرانوں کو ملک پر مسلط کردیا گیا ہے،جتنی دیر یہ لوگ اقتدار پر قابض رہیں گے ملک مشکلات میں گھیرا رہے گا،ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد اور فوری حل شفاف انتخابات ہیں، عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کون سے لوگ ملک چلانے کی اہلیت رکھتے ہیں،آنے والا وقت تحریک انصاف اور عمران خان کاہے،عمران خان ایک بارپھر واضح اکثریت سے ملک کے وزیراعظم ہونگے۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن کے دنوں میں کہا تھا حلقے کی عوام سے الیکشن کا یا ووٹوں کا تعلق نہیں۔ حلقے کی عوام سے محبت اور خلوص کا تعلق ہے، جو نبھانے آئی ہوں اور نبھاتی رہوں گی۔ حلقے کی عوام اور بلخصوص خواتین کے درمیان آکر خوشی محسوس ہوتی ہے، حلقے کی خواتین کے مسائل کا پوری طرح ادراک ہے اور انشا اللہ اپنی بساط کے مطابق خواتین کے مسائل کے حل کیلئے بھر پور کوششیں کرتی ہوں۔ قبل ازیں وہ حلقے کی خواتین سے ملنے کیلئے مختلف شخصیات کی رہائش گاہوں پر گئیں۔ خواتین سے ملیں ان کے مسائل سنے۔ یونین کونسل لوٹھڑ کے دورہ کے دوران وہ بچوں سے گھل مل گئیں۔ یونین کونسل کی گلی میں بچوں نے انہیں روک کر گروپ فوٹو بنوائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات