پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ،نواز شریف کی قیادت میں بحرانوں سے بھی نکالیں گے ‘بلیغ الرحمان

جنرل الیکشن سے قبل قائد میاں نواز شریف پاکستان آئیں گے ‘گورنر پنجاب کی لیگی رہنمائوں سے گفتگو ، کانووکیشن کی صدارت بھی کی

جمعہ 20 جنوری 2023 21:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2023ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد کے دوسرے کانووکیشن کی صدارت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ یو نیورسٹیوں کا بنیادی مقصد تحقیق کرنا ہے۔اس تحقیق سے عملی فائدہ اٹھانے کے لیے انڈسٹری اور اکیڈیمیہ کے درمیان روابط مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز میں جدید تحقیق و تدریس کی طرف خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ملازمین کی فلاح و بہبود پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔گورنر پنجاب نے طالبات کی شاندار کامیابی پر مبارکباد ی اوران کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں یونیورسٹی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ بات قابل فخر ہے کہ گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی نے حالیہ رینکنگ میں قومی اور عالمی سطح پر نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے۔

گورنر پنجاب نے طالبات کو تلقین کی کہ مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنیں ،صبر، تحمل اور لیڈر شپ کی صلاحیتیں پیدا کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ طالبات تعلیم پر توجہ مرکوز کریں اور محنت کو اپنا شعار بنائیں انشا اللہ کامیابی ان کے قدم چومے گی۔کانووکیشن سے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے یونیورسٹی کی گزشتہ برسوں میں حاصل کردہ کامیابیوں اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

کانووکیشن میں پی ایچ ڈی،ایم فل،ایم اے،ایم ایس سی اور بی ایس کی طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔تعلیمی میدان میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے پر 80طالبات کو گولڈ میڈلزاور81 طالبات کو سلور میڈلز سے نوزا گیا۔ کانووکیشن میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق، یونیورسٹی ڈائریکٹرزاورپرنسپل آفیسرز،سینڈیکیٹ ممبران، مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز، والدین اور ڈگری ہولڈرز نے شرکت کی۔

بعدازاں، گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمن مسلم لیگی رہنما میاں غلام حسین شاھد کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں ایم این اے میاں عبدالمان ،سابق وفاقی وزیر طلال چوہدری و ممبران اسمبلی اورکارکنان مسلم لیگ نواز نے ان کا استقبال کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ جنرل الیکشن سے قبل قائد میاں محمد نواز شریف پاکستان آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ پھر میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو بحرانوں سے نکالیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی اقتصادی ٹیم نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی قیادت میں شبانہ روز محنت اور خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لا کرپاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔