Live Updates

کرپٹ حکمران ملک کیلئے سکیورٹی رسک بن چکے ،انہیں مسلط کرکے ملک کے ساتھ دشمنی کی گئی ‘سینیٹر اعجاز چوہدری

عمران خان کی خصوصی ہدایات پر اکبر چوک سے عظیم الشان الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلی نکالی گئی،کارکنان ،عوام کی بھرپور شرکت

ہفتہ 21 جنوری 2023 19:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی خصوصی ہدایات پرپی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر سینیٹر اعجاز احمد چوہدری اور این اے 127 کے رہنما علی اعجاز چوہدری کی زیر قیادت اکبر چوک سے عظیم الشان الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلی نکالی گئی ،جس میں پارٹی رہنمائوں،کارکنان،یوتھ ،اور حلقے کی عوا م نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

سینیٹر اعجاز احمد چوہدری کا میڈیا کے نمائندوں اور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کی نالائقی کی بدولت ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ،ملک پر غیر ملکی ایجنڈ امسلط ہے ،ان سے نجات ضروری ہے،ملک میں الیکشن کا مطالبہ کرنے والے اب الیکشن سے بھاگ رہے ہیں ،پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگنے کی بجائے سیاسی میدان میں تحریک انصاف کا مقابلہ کرے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے اپنے اعلان کے مطابق پنجاب اسمبلی تحلیل اور کے پی کے اسمبلی تحلیل کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں سیاسی بحران کی ذمہ دار ہے، کرپٹ حکمران ملک کیلئے سکیورٹی رسک بن چکے ہیںانکو پاکستان پر مسلط کرکے ملک کے ساتھ دشمنی کی گئی ،قوم ان کو اور ان کے سہولت کاروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی،ملک اور جمہوریت دشمن ہیں ملک و قوم اس فتنہ سے جتنی جلدی نجات پالے اتنا ہی اچھا ہو گا ۔

انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم ہت دھرمی سے کام لے رہی ہے جس کی وجہ سے ملک میں بحران ہے مہنگائی سے غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے موجودہ مشکلات پر قابو پانے کا واحد حل نئے انتخابات ہیں اقتدار پر مسلط ٹولہ مسلسل غریب عوام کا خون چوس رہا ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں نوشتہ دیوار پڑھ لیں انتخابات جب بھی ہوں گے عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف دو تہائی سے زائد اکثریت سے اقتدار میں آئے گی اور وزیراعظم عمران خان ہوں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات