Live Updates

لاہور ہائیکورٹ کا فواد چوہدری کو 6 بجے ہر صورت پیش کرنے کا حکم

مجھے اپنے حکم پر عملدرآمد کروانا آتا ہے‘ آرڈر پر عملدر آمد کریں اور بندہ پیش کریں۔ جسٹس طارق سلیم شیخ کے ریمارکس

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 جنوری 2023 16:00

لاہور ہائیکورٹ کا فواد چوہدری کو 6 بجے ہر صورت پیش کرنے کا حکم
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2023ء ) لاہور ہائی کورٹ نے گرفتار پی ٹی آئی رہنماء فواد چوہدری کو 6 بجے ہر صورت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں فواد چودھری کی بازیابی کے لئے دائر درخواست پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے سماعت کی، یڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ عدالتی حکم کی تعمیل کر دی گئی اور آپ کا آرڈر آگے پہچا دیا گیا، عدالت نے قرار دیا کہ یہ باتیں چھوڑیں پہلے بتائیں فواد چوہدری کہاں ہے؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری پنجاب پولیس کے پاس ہے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دئیے کہ مجھے اپنے حکم پر عملدرآمد کروانا آتا ہے‘ آرڈر پر عملدر آمد کریں اور بندہ پیش کریں۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے سوال کیا کہ آئی جی کو بلوایا؟ جس پر انہوں نے کہا کہ آئی جی رحیم یار خان سے لاہور سفر کر رہے ہیں، لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کو بھی شام 6 بجے عدالت طلب کرتے ہوئے تب تک سماعت ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے عدالت نے فواد چوہدری کو ڈیڑھ بجے پیش کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم فواد چوہدری کو عدالت پیش نہ کیا جا سکا، فواد چوہدری کو مقررہ وقت پر عدالت پیش نہ کرنے پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری پیش کرنے کا حکم دیا۔ اس پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے فواد چودھری سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالت کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ میرے علم میں نہیں کہ فواد چودھری کہاں ہیں؟ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے جواب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ میں نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی موجودگی میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے، فواد چودھری کو فوری عدالت پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے عدالت نے کیس کی سماعت 3 بجے تک ملتوی کی تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات