Live Updates

تحریک انصاف کا اہم اجلاس:جارحانہ حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ‘عدالتوں میں قانونی جنگ لڑنے کے ساتھ ساتھ دوبارہ ملک گیر تحریک شروع کرنے کا فیصلہ

رمضان المبارک سے قبل تحریک شروع کی جائے گی اور امید ہے عید سے قبل مسلط کردہ حکومت سے ملک اور قوم کو چھٹکارامل جائے گا.پارٹی کے ذمہ دار ذرائع کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 25 جنوری 2023 17:26

تحریک انصاف کا اہم اجلاس:جارحانہ حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ‘عدالتوں ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 25 جنوری ۔2023 ) تحریک انصاف کے اہم اجلاس میں حکومت کے انتقامی اقدامات ‘پنجاب میں نگراں وزیراعلی کی تعیناتی ‘قومی اسمبلی میں استعفوں کے معاملے سمیت پارٹی راہنماﺅں کی گرفتاریوں کے خلاف لائحہ عمل پر غور کیا گیا. تحریک انصاف کے معتبر ذرائع کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے پارٹی کے اہم ترین اجلاس میں جارحانہ حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کی حکمت عملی کو جارحانہ موڈ میں دوبارہ لایا جائے گا اور قانونی جنگ لڑنے کے ساتھ ساتھ ملک گیر تحریک شروع کی جائے گا .

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ عمران خان جلد ملک گیر تحریک شروع کرنے کی کال دیں گے تاہم حکمت عملی کے تحت تاریخ کے اعلان سے صرف ہرضلع کے اہم عہدیدار کو آگاہ کیا جائے گا تاکہ پنجاب کی نگران حکومت سمیت پی ڈی ایم کی وفاقی حکومت کو بھی سرپرائزدیا جاسکے اور انہیں جوابی اقدامات کے لیے وقت نہ دیا جائے. ایک سوال کے جواب میں اجلاس میں موجود پارٹی کے ایک اہم ترین راہنماءنے بتایا کہ عمران خان لاہور سے خود لیڈکرتے ہوئے نکلیں گے ‘سیکورٹی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے اس سلسلہ میں فول پروف انتظامات کیئے گئے ہیں تحریک انصاف کے سٹوڈنٹ ونگ اور یوتھ ونگ کے نوجوانوں پر مشتمل متعددسکواڈ تیار کیے جارہے ہیں جو نہ صرف احتجاجی مظاہروں بلکہ سابق وزیراعظم کے مارچ کی سیکورٹی کی ذمہ داریاں اداکریں گے.

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں یہ معاملہ بھی زیربحث آیا ہے کہ احتجاجی تحریک کو حتمی شکل دینے کے بعد اعلی عدالتوں کو تحریک انصاف کے احتجاجی شیڈول سے آگاہ کیا جائے گا اس کے بعد تمام اضلاع اور صوبوں کی انتظامیہ کو بھی آگاہ کیا جائے گا تحریک کے شیڈول کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی ہم حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کریں گے تاہم رمضان المبارک سے قبل تحریک شروع کی جائے گی اور امید ہے عید سے قبل مسلط کردہ حکومت سے ملک اور قوم کو چھٹکارامل جائے گا. نگران حکومت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کے خلاف تحریک انصاف سپریم کورٹ سے رجوع کررہی ہے کیونکہ پی ڈی ایم حکومت جان بوجھ کر متنازعہ شخصیات کو نامزدکررہی ہے جس کی مثال پنجاب کے نگران وزیراعلی کی تعیناتی ہے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات