سابق ڈی جی انٹیلی جنس بیورو میجر(ر)مسعودشریف خٹک وفات پاگئے

اتوار 29 جنوری 2023 19:21

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2023ء) سابق ڈائریکٹرجنرل انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) میجر(ر)مسعودشریف خٹک وفات پاگئے۔اٴْن کی عمر تقریباً73 سال تھی۔مرحوم شریف خٹک کا تعلق ضلع کرک کے علاقہ صابرآباد (بلند خیل) سے تھا۔ مرحوم 2002 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر وائس صدرکے عہدے پر بھی رہے جبکہ 2002 میں پی پی پی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 کرک سے عام انتخابات بھی لڑے تاہم وہ متحدہ مجلس عمل کے اٴْمیدوار سے شکست کھا گئے تھے۔

(جاری ہے)

مرحوم شریف خٹک ایک اصول پسند بیوروکریٹ‘ منجھے ہوئے سیاستدان اوراعلیٰ صلاحیتوں کے مالک تھے جنہوں 2007 میں پارٹی سے اختلافات کی بنا استعفیٰ دیا اور2011 میں پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔مرحوم مسعود شریف پاک فوج میں میجر کے عہدے پر رہنے کے بعد 1986 میںریٹائرڈ ہوگئے تھے جس کے بعد اٴْنہوں نے 1992 سے 1993 تک انٹیلی جنس بیورو کے دائریکٹرجنرل کی حیثیت سے کام کیا تھا۔1996 سے 2000 تک چار سالوں کے لئے جیل بھی کاٹی۔ مرحوم کا شمار سابق وزیراعظم شہیدبے نظیر بھٹو کے خاص اور معتمد دوستوں میں ہوتا تھا۔مقامی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ آج بروز پیر ادا کی جائے گی۔