ملک کو قرضوں کی نہیں ،اہل اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے‘ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ

حکمران اپنی عیاشیاں اور پروٹوکول کو کم کرنے کی بجائے عوام کو مہنگائی چکی میں پس رہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے

جمعرات 2 فروری 2023 23:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2023ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ملک کو قرضوں کی نہیں بلکہ اہل اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے، نااہل اور کرپٹ حکمرانوں نے مہنگائی و بیروزگاری کو کم کرنے کی بجائے ملک و قوم کی مشکلات کو دوگنی کرنے کے سوا کچھ نہیں کیابلکہ آئی ایم ایف کی ایما پر منی بجٹ کے ذریعے مزید مہنگائی کا طوفان برپا کرنے کی تیاریاں جاری ہیں جن کے خلاف جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں 10 فروری سے 3 روزہ،لاہور تا اسلام آباد ''مہنگائی مارچ '' کریگی جس میں اہل لاہور کی بڑی تعداد شرکت کریگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کی '' ہنگامی ''ضلع شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری، سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ ، نائب امراء لاہور سمیت ممبران ضلعی شوری، امیدواران قومی و صوبائی جماعت اسلامی نے شرکت کی۔

اجلاس میں 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر ریلی ا ور مہنگائی ۔مارچ کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور حتمی تیاریوں کے حوالیسے ذمہ داران کو ٹاسک دیئے گئے۔ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ قرضوں اور سودی نظام معیشت سے نجات کے بغیر ملک و قوم ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ حکمران اپنی عیاشیاں اور پروٹوکول کو کم کرنے کی بجائے عوام کو مہنگائی چکی میں پس رہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔

جماعت اسلامی کے امیدواران صوبائی و قومی اسمبلی5 فروری کو ہونے والی یوم یکجہتی کشمیر ریلی اور 10 فروری سے شروع ہونے والے مہنگائی مارچ کے کامیاب انعقاد کیلئے ڈور ٹو ڈور مہم کے ذریعے جماعت اسلامی کا پیغام ہر گلی، محلے اور فرد تک پہنچیں۔آئندہ انتخابات میں قوم کمرتوڑ مہنگائی و بے روزگاری اور سودی نظام کے خاتمہ کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔