Live Updates

عمران خان کی پی ٹی آئی کے سابق ارکان کو الیکشن میں حصہ لینے کی ہدایت

چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سابقہ ارکان کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کر دی ،عمران خان نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر فیصلہ تبدیل کیا،عمران خان کے بجائے سابق ارکان الیکشن لڑیں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 3 فروری 2023 12:16

عمران خان کی پی ٹی آئی کے سابق ارکان کو الیکشن میں حصہ لینے کی ہدایت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 03 فروری 2023ء) قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا ایک اور حیران کن فیصلہ سامنے آیا ہے۔ عمران خان قومی اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان نے پی ٹی آئی کے سابق ارکان کو الیکشن میں حصہ لینے کی ہدایت کر دی ہے۔عمران خان نے سابقہ ارکان کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

اس سے قبل عمران خان نے ضمنی انتخابات میں تمام حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔گذشتہ روز عمران خان این اے 193 کے ضمنی الیکشن سے دستبردار ہو گئے تھے۔ عمران خان نے این اے 193 سے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے ۔ اب عمران خان کی جانب سے ایک اور فیصلہ سامنے آیا ہے جس کے مطابق وہ اب قومی اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان کی بجائے سابق ارکان ہی الیکشن لڑیں گے۔

عمران خان نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر فیصلہ تبدیل کیا۔ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے،قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں ضمنی الیکشن 16 مارچ کو ہو گی،شیڈول کا آغاز 3 فروری کو پبلک نوٹس جاری کرنے سے ہو گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 6 سے 8 فروری تک جمع کرا سکیں گے،کاغذات کی جانچ پڑتال 9 فروری کو ہو گی،امیدواروں کو انتخابی نشان 23 فروری کو جاری ہوں گے۔

جن حلقوں میں ضمنی الیکشن ہوں گے ان میں سوات،ہری پور،صوابی،نوشہرہ،کوہاٹ،ڈی آئی خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے تین حلقے،راولپنڈی کے پانچ،کراچی کے 9 حلقے،لاہور اور ملتان کے دو،دو حلقوں پر بھی ضمنی الیکشن 16 مارچ کو ہوں گے۔ کراچی میں این اے241 کورنگی اور این اے 242 شرقی میں ضمنی الیکشن ہوں گے،این اے 243،این اے 244 اوراین اے247 جنوبی میں بھی الیکشن شیڈول میں شامل ہے۔پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کے باعث یہ نشستیں خالی ہوئی تھیں،اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے گزشتہ دنوں تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے منظور کیے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات