مقبوضہ کشمیر، بے دخلی کی جبری مہم کے خلاف احتجاج کرنے پر متعدد افراد گرفتار

مودی حکومت نے کشمیرمیں 1لاکھ 78ہزار جبکہ جموں میں 25ہزار159ایکڑ اراضی پر قبضہ کر لیا

پیر 6 فروری 2023 20:07

مقبوضہ کشمیر، بے دخلی کی جبری مہم کے خلاف احتجاج کرنے پر متعدد افراد ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2023ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںبھارتی پولیس نے جموں سے تعلق رکھنے والے ایک سیاست دان اور سابق وزیر سمیت متعدد افراد کو مودی حکومت کی طرف سے انسداد تجاوزات کی مہم کے نام پرغریبوں خصوصا مسلمانوں کو انکی زمینوں اور جائیدادوں سے بے دخل کرنے کیخلاف مظاہرے کرنے پر گرفتار کرلیا ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع جموں کے علاقے نروال بائی پاس پر بے دخلی کی مہم کے دوران گاڑیوں کے ایک شو روم کو گرانے کے خلاف احتجاج کرنے پر 9افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس نے شوروم کے مالک سجاد احمد کو بھی گرفتار کرلیا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد سے جموں کے تریکوٹہ نگر پولیس اسٹیشن میں تفتیش کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

سیاستدان اور سابق وزیر ہرش دیو سنگھ کو جموں میں گورنر ہائوس کے باہر بے دخلی کی جبری مہم کے خلاف احتجاج کے دوران گرفتار کیاگیا۔ انہیں جموں کے امپھالہ پولیس اسٹیشن میں قید کیاگیا ہے ۔ ہرش دیو نے اس موقع پر کہا کہ تجاوزات کھڑی کرنے والے بی جے پی کے لیڈر وںکو اپنے بھارتی آقائوں کا آشیر باد حاصل ہے جبکہ اس ظالمانہ مہم کے ذریعے غریب اور نادار کسانوںکو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

ضلع ریاسی میںپولیس نے جانچ پڑتال کے نام نہاد عمل میں تعاون نہ کرنے کے نام پرزمین اور ہوٹل مالکان سمیت نو افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس مودی حکومت کی کشمیری مسلمانوں کو ہراساں کرنے کی پالیسی کے تحت مختلف علاقوں میں اچانک چھاپے مار رہی ہے۔ادھرلیگل فورم فار کشمیر کی طرف سے آج اسلام آباد میں جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت نے اب تک وادی کشمیر میں 1لاکھ 78ہزارایکڑ سے زائد اور جموں میں 25ہزار159ایکڑ سے زائد زمین پر مالکان کو پیشگی نوٹس دیئے بغیر قبضہ کرلیا ہے ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بے دخلی کی مہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے 20اضلاع میں تیزی سے جاری ہے جہاں محکمہ مال کے حکام، پولیس اور بلڈوزر کشمیریوں کے گھر اور دیگر عمارتیں منہدم کر کے انہیں بے یارومددگار بنا رہے ہیں ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسداد تجاوزات کی مہم مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا عمل ہے تاکہ غیر کشمیری ہندوئوں کو ووٹنگ اور شہریت سمیت دیگر حقوق دیکر مقبوضہ علاقے میں آباد کیاجاسکے۔

رپورٹ میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا گیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو سفاک بھارتی فوجیوں کی طرف سے جبری بے دخلی، نسل کشی، انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم سے بچانے کے لیے تمام سفارتی، انسانی اور دیگر پرامن ذرائع استعمال کریں۔دریں اثناجموں کے ضلع سانبہ میں ایک مسلمان شخص امان بھٹی کی لاش برآمد ہو ئی ہے۔