دنیا بھر کی کشمیری نمائندہ تنظیموں کا ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے سے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

جمعرات 9 فروری 2023 16:17

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2023ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر تنظیموں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کی کشمیری نمائندہ تنظیموں نے ترکیہ او ر شام میں ہولناک زلزلے سے بڑے پیمانے پرانسانی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ قیمتی جانوں اور املاک کے ضیاع پر کشمیری صدمے میں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام غم زدہ خاندانوں کے ساتھ دلی اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترک عوام اور حکومت نے آزاد کشمیر کے 2005 کے زلزلہ متاثرین کی دل کھول کر مدد کی اور تباہ شدہ علاقوں میں بحالی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مصیبت کی گھڑی میں ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ کشمیریوں کا حقیقی دوست اور محسن ہے کیونکہ اس نے ہمیشہ حق خودارادیت کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کی ہے۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم متحدہ مجلس عمل جموں و کشمیرنے سرینگر میں ایک بیان میں مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام کی طرف سے ترکہ اور شام کے عوام کے ساتھ گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ۔

بیان میں کہا گیا کہ جمعہ کو جامع مسجد سری نگر اور دیگر تمام بڑی مساجد، درگاہوں اور امام بارگاہوں میں زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے خصوصی دعائیہ اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما، محمد سلطان بٹ نے اسلام آباد میں ایک بیان میں ترکی اور شام میں قیمتی جانوں اور املاک کے ضیاع پردکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ اس تباہ کن آفت کے متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں۔ کشمیری نمائندہ تنظیموں” ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم، کشمیر سیوٹس کشمیر ہاو س ترکی کشمیر گولوبل کمپئین ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ اور تحریک کشمیر برطانیہ نے ترکی اور شام میں تباہ کن زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے تعزیتی اجلاس منعقد کیے۔ اجلاسوں کے شرکانے کہا کہ کشمیری غم کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شامی عوام کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔