م* آئندہ الیکشن میں پارٹی ٹکٹ کے خلاف الیکشن سیاسی موت ہوگی،سینیٹر عون عباس بپی

ٹکٹوں کی تقسیم میں پارٹی کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی الیکشن کے حوالہ سے ہائی کورٹ کا فیصلہ عوامی امنگوں کا ترجمان ہے،صدر پی ٹی آئی ساوتھ پنجاب

ہفتہ 11 فروری 2023 18:05

, بورے والا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 فروری2023ء) پی ٹی آئی ساوتھ پنجاب کے صدر سینیٹر عون عباس بپی نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں پارٹی ٹکٹ کے خلاف الیکشن سیاسی موت ہوگی پارٹی کارکنان پارٹی ٹکٹ ہولڈر امیدوار کے ساتھ کھڑے ہونگے ٹکٹوں کی تقسیم میں پارٹی کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی الیکشن کے حوالہ سے ہائی کورٹ کا فیصلہ عوامی امنگوں کا ترجمان ہے اس فیصلے کے بعد پی ڈی ایم کے ایوانوں میں صف ماتم بچھ گئی ہے الیکشن سے راہ فرار اختیار کرنے کا منصوبہ عدالتی فیصلے نے چوپٹ کردیا ہے آئین کو گھر کی لونڈی سمجھنے والی پی ڈی ایم کا سیاسی جنازہ نکل چکا ہے اور الیکشن میں پوری قوم اس بدبو دار سیاسی نعش کو دفن کردیں گے آئی ایم ایف کا ڈنڈا اور منی بجٹ کی شکل میں نئے ٹیکسوں کا پھندا عوام سے جینے کا حق بھی چھین لے گا قوم پر رجیم چینج کے ذریعہ مسلط شدہ آئی ایم ایف کے ایجنٹوں کے اس ٹولے سے نجات کا واحد حل الیکشن ہیں تاکہ عوام کی منتخب حکومت اس ملکی کی ڈوبتی کشتی کو بچانے کے لئے اقدامات کرسکے کارکنان الیکشن کی بھر پور تیاری کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی تحصیل بورے والا کے صدر امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 231 غلام مصطفی بھٹی سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 157 سید سلمان شاہد مہدی اور تحصیل صدر پی ٹی آئی وہاڑی شیخ خرم بھی موجود تھے۔