فیصل آباد: گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے اسلامک بینکنگ پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

جمعہ 17 فروری 2023 22:08

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2023ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیور سٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس کے اشتراک سے اسلامک بینکنگ پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔ سیمینار میں ہیڈ آف اسلامک بینکنگ عمران یوسف شیخ، سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر سٹیٹ بینک آف پاکستان فرید خان، اسلامک بینکنگ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر منظور اور اسسٹنٹ چیف منیجر سٹیٹ بینک فیصل آباد نے شرکت کی۔

اسلامک بینکنگ ڈیپارٹمنٹ سے منظورنے سیمینار کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ عمران یوسف شیخ نے ایک عام اسلامی بینک کے ضروری کاموں اور طریقہ کار کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک افسانہ ہے کہ دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے اور ہمیں علمی شواہد کے ساتھ اس افسانے کی تردید کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مشورہ دیا کہ اسلامی مالیاتی لین دین کے نظام کو ہمارے تعلیمی پروگراموں کے نصاب میں شامل اور متعارف کرانا چاہیے۔

فرید خان نے پاکستان میں اسلامی بینکوں کی نگرانی کے ریگولیٹری معیارات اور اس کے نظام کو وضع کرنے کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے شعبہ اسلامی بینکاری کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے شریعہ اسکالرز اسلامی بینکوں کے طریقہ کار اور نظام کا بغور مشاہدہ کرتے ہیں تاکہ صارفین کے ساتھ کسی قسم کی بدتمیزی نہ ہو۔ سیمینار میں بی ایس اسلامک بینکنگ کے طلباء نے شرکت کی۔ ڈاکٹر اسماء عزیز ڈی ایس اے نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔