ملک تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے ،آئی ایم ایف سے چھٹکارے کے بغیر قوم ترقی نہیں کرسکتی ،ثروت اعجاز قادری

بدھ 1 مارچ 2023 19:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2023ء) ملک تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے ،آئی ایم ایف سے چھٹکارے کے بغیر قوم ترقی نہیں کرسکتی ،علماء ومشائخ ہمیشہ کی طرح اپنا تاریخی کردار ادا کریں ،90روز میں کے پی کے اور پنجاب میں انتخابات کروانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں یہ بات پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کی میزبانی میں اکابرین اہلسنت کے خصوصی اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہی گئی ۔

اجلاس میں جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر ، سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ حامد سعید کاظمی ، علامہ قاضی احمد نورانی ، محمد آفتاب قادری، محمد طیب قادری و دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں طے پایا کہ اہلسنت کی تمام سیاسی و دینی جماعتوں اہم شخصیات، علماء و مشائخ، درگاہوں کے سجادہ نشین حضرات اور ملک کے دیگر مقتدر حلقوں کی شخصیات کو وطن عزیز کے وسیع تر مفاد میں ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوشش کو تیز کریں گے ۔

(جاری ہے)

شرکائے اجلاس نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر مرکوز ہیں ، مہنگائی و بے روزگاری نے ملک کو دوالیہ کے قریب پہنچا دیا ہے ، عام انتخابات کے علاوہ ملک کے مسائل کو کوئی حل نہیں ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ جیسے ہی الیکشن کی کوئی تاریخ مقرر کرے گی علماء و مشائخ اہلسنت مشترکہ طور پر اپنا فیصلہ کریں گے اور آنے والے انتخابات میں بھرپور کردار ادا کریں گے ۔

اجلاس میں مرکزی جماعت اہلسنت کے امیر پیر عبدالخالق بھرچونڈی شریف کے صاحبزادے میاں عبدالمالک سجن سائیں پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی اور حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ۔اجلاس میں مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان کے امیر پیر عبدالخالق بھرچونڈی شریف پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی اور حملہ آروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ ملک کو معاشی مسائل سے نکالنے کیلئے تمام اکائیوں کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے ، اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیتے ہوئے ہمیں آگے بڑھنا ہوگا ، 90روز میں انتخابات کروانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ، موجودہ حالات میں سپریم کورٹ کا فیصلہ ہوا کا تازہ جھونکا ہے جو عوام کو ووٹ کی طاقت سے عوامی نمائندوں کو آگے لانے کا اشارہ ہے ، عوام طاقت کا سرچشمہ ہے عوام اپنے ووٹ کا استعمال اپنے ضمیر کے مطابق کر کے اچھے عوامی نمائندوں کو آگے لائیں جو ملک کو معاشی طور پر مستحکم اور غریب عوام کو بنیادی حقوق فراہم کر سکیں ۔