سعودی ولی عہد کا نئی قومی ایئرلائن ’ریاض ایئر‘ کے قیام کا اعلان

پیر 13 مارچ 2023 16:48

سعودی ولی عہد کا نئی قومی ایئرلائن ’ریاض ایئر‘ کے قیام کا اعلان
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2023ء) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نئی قومی ایئرلائن ’ریاض ایئر‘ کے قیام کا اعلان کر دیا۔ سعودی خبررساں ادارے نے پبلک انوسٹمنٹ فنڈ(پی آئی ایف )کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ ایئرلائن کے چیئرمین پی آئی ایف کے گورنر یاسر الرومایان ہوں گے جب کہ ٹونی ڈوگلس کو اس کا سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔

سعودی دارالحکومت سے چلائی جانے والی نئی ایئرلائن مجموعی قومی پیداوار میں 20 ارب ڈالر اضافہ اور دو لاکھ سے زائد بلاواسطہ اور بلواسطہ ملازمتیں پیدا کرے گی۔بیان میں کہا گیا ہےکہ ریاض ایئر سعودی فضائی سفر کے متبادل ذرائع، کارگو کی گنجائش اور عالمی ٹریفک میں اضافہ کرکے عرب کی قومی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سٹریٹیجی اور قومی سیاحتی سٹریٹیجی کے لیے مہمیز کا کام دے گی۔

(جاری ہے)

ریاض ایئر کا قیام پی آئی ایف کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت سعودی عرب کی ابھرتی ہوئی صنعتوں میں ترقی کی گنجائش کو استعمال کرکے مملکت کی معیشت کو متنوع بنانے کے مقاصد کو حاصل کیا جائے۔سعودی وزیر ٹرانسپورٹ صالح الجاسر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ نئی ایئرلائن ’بہت بڑے منصوبوں کے پیکج‘ کا تازہ ترین منصوبہ ہے جو کہ مملکت کی عالمی سطح پر ایوی ایش کے مرکز کے طور پر پوزیشن کو مضبوط کرے گی۔