جی سی یو کا21واں کانووکیشن، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کی شرکت

وزیر تعلیم کا نئے کیمپس کے لیے 100ملین روپے گرانٹ کا اعلان

جمعہ 17 مارچ 2023 23:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2023ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے 21ویں کانووکیشن کا آغاز ،پہلے سیشن میں وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کی بطور مہمان خصوصی شرکت۔سیشن کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے کی ۔دو روزہ کانووکیشن میں کل 1984 طلباء کو میڈلز اور ڈگریوں سے نوازا جائے گا،جن میں23 پی ایچ ڈی، 667 ایم ایس/ ایم فل، 29 ایم ایس سی اور 1265 بی ای/ بی ایس سی (آنرز) کی ڈگریاں شامل ہیں۔

پہلے سیشن میں اولمپیئن اختر رسول، ادکار عثمان پیر زادہ اور میاں مصباح الرحمان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ رواں سال کانووکیشن میں کل 10سابق طلباء کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا،انہوں نے شرکاء کو یونیورسٹی کی پچھلے سال مختلف شعبوں میں اچیومنٹس کے حوالے سے آگاہ ہ کیا ،یونیورسٹی کا نیا کیمپس کالا شاہ کاکو فعال ہو چکا ہے، وہاں 9 تدریسی شعبہ جات کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی نے نصاب اپ ڈیٹ کیا اور نئے شعبہ جات بھی قائم کئے ،نئے شعبہ جات میں لاء، ماس کمیونیکیشن اور انٹرنیشنل ریلیشنز شامل ہیں، سوئمنگ پول ،لڑکیوں کے نئے ہاسٹل اور عظیم الشان مسجد کی تعمیر بھی اسی سال مکمل ہو جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں اس وقت 92 طلباء سوسائٹییز اور کلبز فال ہیں،یونیورسٹی رواں سال اپنے بجٹ سے 580 ملین روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہی ہے،سالوں پرانے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے تعلیم رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ ہمارے بچے قوم کا مستقبل ہیں ہم نے جو گل کھلانے تھے کھلا لیے ،اب جس برے وقت میں چل رہے ہیں اس سے نیچے نہیں جاسکتے اب آگے ہی جائیں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف جب وزیر اعلیٰ تھے تب انہوں نے تعلیم کے شعبے میں بہت کام کیا ،ایچ ای سی کے ایکٹ میں اب ترمیم کرنے والا ہوں،قانون میں ہمیشہ لچک رہتی ہے تاکہ کمیاں دور ہوسکیں ،میں نے بین لگادیا ہے کہ اب کوئی یونیورسٹی نہیں بنے گی ،ہمیں ایسی یوتھ چاہیے جس کے پاس ٹیلنٹ ہو،اب ہم پرفارمنس بیس فنڈنگ کریں گے،یونیورسٹی جتنا اچھا رزلٹ دے گی اس کو اتنے پیسے ملیں گے۔

وزیرِ تعلیم رانا تنویر نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو نئے کیمپس میں کلاک ٹاور کی طرز پر بلڈنگ کی تعمیرکے لیے دس کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ،ویسے تو حکومت پاس پیسے کم ہیں اگر حکومت نہ دے سکی تو میں اپنی جیب سے دوں گا۔