Live Updates

عمران خان اپنے دور اقتدار کی کارکردگی دکھائے ‘ سکندر شیرپائو

قانون کی حکمرانی اور بالادستی یقینی بنانے کے دعوے کرنیوالے مذاحمت کے ذریعے خود کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا ہونے سے بچا رہے ‘ خطاب

جمعہ 17 مارچ 2023 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2023ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ عمران خان قوم میں انتشاراور افراتفری پھیلانے کی بجائے ان کو اپنی ساڑھے تین سالہ دور اقتدار کی کارکردگی دکھائے۔انھوں نے مزیدکہا کہ عمران خان ایک طرف قانون کی حکمرانی اور بالادستی یقینی بنانے کے حوالے دعوے کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف مزاحمت کے ذریعے خود کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا ہونے سے بچا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے یونین کونسل شو ڈاگ ضلع چارسدہ میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مختلف سیاسی شخصیات و کارکنان میاں فضل شاہ،محب شاہ،لعل زرین،سید حنیف،شہنشاہ،امروز خان،جھانگیر شاہ،زبیر شاہ میاں،زیور شاہ میاں،شاہین شاہ میاں،سالم شاہ،امتیاز شاہ،یاسر شاہ،مدثر شاہ،قاسم خان،مسرت شاہ اور عادل شاہ میاں نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ عمران خان ملک میں انارکی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اوراس مقصد کے لئے نوجوان نسل کو اکسایا جارہاہے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کا یہ منطق بلا سمجھ ہے کہ ان کو عدالت میں حاضرہونے میں خطرہ اور جلسہ و جلوس میں کوئی خطرہ نظر نہیں آرہا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما نوجوانوں کو گمراہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور انہیں اپنے مفادات کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ پی ٹی آئی نے ایک کروڑ ملازمتیں پیدا کرنے کا وعدہ کیا تھااس کا کیا بنا انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترقی کی دوڑ میں بھارت اور بنگلہ دیش جیسے علاقائی ممالک کے مقابلے میں بہت پیچھے رہ گیا ہے جنہوں نے ہر میدان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ مہنگائی بڑھنے سے عوام کی مایوسی میں اضافہ ہورہا ہے لہٰذا حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے اور عوام کو تمام سطحوں پرریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھائے۔

انھوں نے خیبر پختونخوا میں بجلی اور گیس کی ناروا لوڈشیڈنگ کے باوجود اس کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ کو غیر منصفانہ اقدام قرار دیااور کہا کہ صوبہ گیس اور بجلی کی پیدوار میں خود کفیل ہونے کے باوجود بھی یہاں کے عوام کوگیس اور بجلی کی سہولت سے محروم کیا جارہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات