Live Updates

عمران خان کے طرز عمل نے ثابت کر دیا کہ انہوں نے قانون کی حکمرانی پر عمل نہیں کیا،آفتاب شیرپاؤ

ہفتہ 18 مارچ 2023 19:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2023ء) قومی وطن پارٹی (کیو ڈبلیو پی) کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤنے عمران خان کو عدالتوں کا سامنا کرنے سے بچنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان قانون کی حکمرانی کی بات کرتے تھے لیکن ان کے طرز عمل نے ثابت کر دیا ہے کہ انہوں نے خود اس پر عمل نہیں کیا۔

یہ بات انہوں نے حیات آباد پشاور میں سابق ناظم حاجی مسعود خٹک کے اپنے خاندان اور حامیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بات چیت اعتماد اور باہمی احترام کے ماحول میں ہوسکتی ہے لہذا ایسا کرنا عمران خان کی ذمہ داری ہے۔آفتاب شیرپاؤنے کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابات کے انعقاد کے لیے پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انضمام شدہ اضلاع میں موجودہ غیر یقینی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق فاٹا کو وعدے کے مطابق فنڈز نہیں ملے جس کی وجہ سے مقامی آبادی میں عدم اطمینان بڑھ رہا ہے۔انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ ضم شدہ اضلاع کی حالت زار پر توجہ دے اور فنڈز جاری کرے تاکہ وہاں ترقی کی سرگرمیاں ہو سکیں۔آٹے کے بڑھتے ہوئے بحران کے بارے میں آفتاب شیرپا نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود آٹے اور چینی کی قلت کا سامنا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹے کا بحران بدانتظامی، بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی سے منسلک ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے آٹے اور دیگر اشیا کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ جاری ڈیجیٹل مردم شماری کو جلد از جلد مکمل کرے تاکہ اصل اعداد و شمار حاصل کیے جا سکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات