حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں سے فراری ہے، الیکشن ہی ملک کو خانہ جنگی، انتشار سے بچا سکتا ‘شیخ رشید

سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں ایوب خان کو نہ بچا سکیں 13کے ٹولے کو کیا بچائیں گی،نگران سیٹ اپ گھر جائیگا تو لگ پتا جائے گا

پیر 20 مارچ 2023 12:39

حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں سے فراری ہے، الیکشن ہی ملک کو خانہ جنگی، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2023ء) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ وسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کا بیان جلتی پر پٹرول کا کام کر رہا ہے اور سینکڑوں بے گناہوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے،سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں ایوب خان کو نہ بچا سکیں 13کے ٹولے کو کیا بچائیں گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں سے فراری ہے، الیکشن ہی ملک کو خانہ جنگی، انتشار سے بچا سکتا ہے، 90 دن کے بعد نگران سیٹ اپ گھر جائے گا تو لگ پتا جائے گا، انتخاب سے حکومت آئے گی تو باہر سے مدد ملے گی، ورنہ مہنگائی اور قحط مزید ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آٹا مفت اور پٹرول سستا سیاسی شعبدہ بازی ہے، رمضان شروع نہیں ہوا اور 20کلو آٹے کا تھیلا 3100روپے کا ہوگیا۔

(جاری ہے)

عظیم اداروں پر پورا اعتماد ہے، دفاعی اثاثے کسی دبائو میں نہیں آئیں گے، سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں ایوب خان کو نہ بچا سکیں 13کے ٹولے کو کیا بچائیں گی۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ زمان پارک پر کوئی احمق ہی چڑھائی اور گرفتاریاں کرسکتا ہے، صرف غریب کا حساب اور احتساب ہو رہا ہے، نہ آئی ایم ایف کی سٹاف لیول میٹنگ ہو رہی ہے نہ دوست ملکوں سے مدد مل رہی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کا اجلاس انتخاب کروانا ہے یا ملتوی کروانا ہے یہ اس کا امتحان ہے، حالات اتنی تیزی سے بگڑ رہے ہیں کہ آٹے کے ٹرک لوٹے جا رہے ہیں، طبلچی تک تاوان کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔