پاکستانی مڈ وائف نیہا منکانی یو ایس مشن پاکستان کی طرف سے 2023 کیلئے جرات مند خاتون نامزد

پیر 20 مارچ 2023 23:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2023ء) پاکستان میں امریکی ڈپٹی آف مشن اینڈریو شوفر نے پاکستانی مڈ وائف نیہا منکانی کو یو ایس مشن پاکستان کی طرف سے 2023 کے لیے جرات مند خاتون نامزد کیا ہے۔ پیر کو امریکی سفارتخانہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق منکانی امریکی حکومت کے فلبرائٹ پروگرام کی ایک سابقہ طالبعلم رہی ہیں ، انہوں نے 2019 میں ایک "ماما بےبی فنڈ” قائم کیا جس کا مقصد ان نئی مائوں کو مدد فراہم کرنا ہےجو قبل اور بعد از ولادت ہونے والی نگہداشت پر اٹھنے والے اخراجات برداشت کرنے کے قابل نہیں ہوتیں۔

گزشتہ سال کے اواخر میں انہوں نے اور ان کی ٹیم نے بہادری کے ساتھ سندھ میں حاملہ خواتین اور نو زائیدہ بچوں کو مدد فراہم کرنی شروع کی۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی خیمہ بستیوں کا دورہ کیا اور زچہ و بچہ کو پیدائش کے محفوظ عمل کے لیے سہولیات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر نے خواتین کے دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں کہا کہ نیہا نے رہنمائی، جرات اور بہادری کی ایک مثال قائم کی ہے اور ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ہمارے فلبرائٹ پروگرام کی ایک سابقہ طالبہ نے اپنے ملک کے لیے اس قدر گرانقدر خدمات سر انجام دیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیہا منکانی نے کہا کہ انہوں نے کراچی کے ساحلی جزیروں سے لے کر سندھ اور بلوچستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے بے گھر افراد سے لے کر ماحولیاتی تغیر کا شکار ہونے والی تمام آبادیوں میں کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور پیچیدہ ہنگامی صورتحال خواتین اور بچوں کو مختلف طریقوں سے متاثر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حاملہ ہونے، زچگی کے دوران یا نوزائیدہ بچے کی پیدائش اور نقل مکانی، صحت کا ایک جدوجہد کرنے والا نظام، خوراک کا عدم تحفظ اور اپنی کمیونٹی سے دور ہونے کے حالات کا تصور کریں تو ماما بےبی فنڈ اور اس کے پروگراموں کی اہمیت کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔نیہا منکانی نے کہا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو مدد فراہم کرنے اور اس حوالے سے درپیش انسانی ضرورتوں کے بارے میں مسلسل آگاہی پیدا کرنے پر امریکی سفارتخانہ کی شکر گزار ہیں ۔یو ایس مشن پاکستان کا 2023 ویمن آف کریج ایوارڈ، تعلیم اور صحت سے لے کر معاشی طور پر بااختیار بنانے تک کے تمام شعبوں میں پاکستان میں خواتین اور لڑکیوں کی مدد کرنے کے لیے امریکہ کی جانب سے کی جانے والی وسیع کوششوں میں سے ایک ہے۔