پاکستان ایڈیڈاس کے آلات اور گیئر کا تیسرا بڑا مینوفیکچرر

پاکستان کا مارکیٹ شیئر 21% ہے جب کہ ترکی کے پاس 25% اور چین کے پاس 28% حصہ ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 مارچ 2023 15:31

پاکستان ایڈیڈاس کے آلات اور گیئر کا تیسرا بڑا مینوفیکچرر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 مارچ 2023ء ) پاکستان میں گزشتہ سال کے دوران ایڈیڈاس کے مارکیٹ شیئر میں 6 فیصد کا زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اب ایڈیڈاس کی ایکسیسری اور گیئر کیٹیگری میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا مارکیٹ شیئر رکھتا ہے جبکہ ملک سے آگے صرف ترکی اور چین ہیں۔ اس وقت پاکستان کا مارکیٹ شیئر 21% ہے جب کہ ترکی کے پاس 25% اور چین کے پاس 28% حصہ ہے۔

پاکستان کا مارکیٹ شیئر پچھلے سال کے 15 فیصد سے بڑھ کر اس سال 21 فیصد ہو گیا۔ ایڈیڈاس دنیا میں کھیلوں کا دوسرا سب سے بڑا صنعت کار ہے۔ وہ تین زمروں میں مہارت رکھتے ہیں جن میں کھیلوں کے ملبوسات، جوتے اور لوازمات شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کھیلوں کے سامان بالخصوص فٹ بال کی برآمدات میں اضافے کے باعث پاکستان کے مارکیٹ شیئر میں اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

فٹ بال کی برآمدات میں 35.70 فیصد اضافہ ہوا، جو گزشتہ سال 114.5 ملین ڈالر سے بڑھ کر رواں سال کے دوران 155.4 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس کی بنیادی وجہ گزشتہ سال قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کی وجہ سے تھی جس میں ایڈیڈاس کے تیار کردہ پاکستانی فٹ بال استعمال کیے گئے تھے۔ پاکستان گزشتہ برسوں میں میگا ایونٹس کے لیے فٹ بال فراہم کرنے والا بڑا ملک رہا ہے۔