Live Updates

ایلیسا ہیلی نے دھرم شالہ میں بلیک آوٹ ہونے کا سارا واقعہ سنا دیا

جب یہ واقعہ پیش آیا تو 35 سالہ آسٹریلین ویمن کرکٹ ٹیم کپتان اپنے شوہر مچل سٹارک کا میچ دیکھ رہی تھیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 13 مئی 2025 14:25

ایلیسا ہیلی نے دھرم شالہ میں بلیک آوٹ ہونے کا سارا واقعہ سنا دیا
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 مئی 2025ء ) آسٹریلوی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان اور فاسٹ بولر مچل سٹارک کی اہلیہ ایلیسا ہیلی آئی پی ایل کے دھرم شالہ میں روکے جانے والے میچ پر بول پڑیں۔ 
35 سالہ ایلیسا ہیلی اپنے شوہر فاسٹ بولر مچل سٹارک کے ساتھ بھارت میں موجود تھیں اور دھرم شالہ میں اپنے شوہر کا میچ دیکھ رہیں تھیں۔ 
ایلیسا ہیلی نے بتایا کہ اطلاعات کے فقدان کی وجہ سے دھرم شالہ میں کھلاڑی پریشان تھے اور اس وقت کیا ہو رہا تھا اس حوالے سے ہمارے پاس معلومات نہیں تھیں۔

 
انہوں نے بتایا کہ اس ساری صورتحال میں سب سے زیادہ ڈرانے والی چیز غلط اطلاعات تھیں کیونکہ ہمیں کہا گیا کہ سب ٹھیک ہے یہ میلوں دور ہے ، میچ ہو گا سب ٹھیک رہے گا۔ 
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ایلیسا ہیلی نے بتایا کہ پھر احتیاطی طور پر اسٹیڈیم خالی کرا لیا گیا ، یہ درست تھا لیکن یہ پرسکون بات نہیں تھی کیونکہ ہم سب اسٹینڈ میں بیٹھے میچ دیکھ رہے تھے ، لائٹس آف ہوجاتی ہیں یہ ایک غیر حقیقی تجربہ تھا۔

(جاری ہے)

 
انہوں نے کہا کہ ہمارے سارے آسٹریلیا کے گروپ میں بہت زیادہ پریشانی تھی، ہم فیملیز اور اضافی سپورٹ اسٹاف ایک جگہ تھے ہمیں کہا گیا کہ ہمیں اسی وقت نکلنا ہے۔ 
فاسٹ بولر میچل اسٹارک کی اہلیہ نے بتایا کہ ایک اور لڑکا آیا ااور اس نے ایک بچے کو پکڑا اور کہا کہ یہاں سے ابھی نکلنا ہے، ہمیں اندازہ بھی نہیں تھا کہ کیا ہو رہا ہے ، ہمیں ایک تنگ کمرے میں پہنچا دیا گیا۔

 
انہوں نے بتایا کہ فاف ڈپلیسی نے تو جوتے بھی نہیں پہنے تھے ، ہر کوئی چہروں سے پریشان لگ رہا تھا بہرحال آسٹریلوی کرکٹرز کو اب حکومت سے سکیورٹی کی یقین دہانی لینی چاہیے۔ 
ایلیسا ہیلی نے بتایا کہ میچل اسٹارک نے پوچھنے پر بتایا کہ 60 کلو میٹر دور ایک گاوں میں میزائل گرا ہے اور میزائل گرنے سے دھرم شالہ میں بلیک آوٹ ہو گیا ہے اور یوں آدھے گھنٹے کے پاگل پن کے بعد ہم موٹل میں موجود تھے۔

 
یہاں یہ بات قابل بیان ہے کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگاتے ہوئے جارحیت شروع کی اور پاکستانی حدود میں ایئر سٹرائیک کی اور ڈرون اور میزائل پھینکے جس کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کا آغاز کیا اور دشمن کی بولتی بند کردی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات