قطر کے سابق وزیر خزانہ پر رشوت ستانی اور بدعنوانی کے الزامات

العمادی نیشنل بینک کے چیئرمین، خودمختار دولت فنڈ کے بورڈ ممبر، قطرایئرویز کے ایگزیکٹو بورڈ کے صدر رہ چکے ہیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 22 مارچ 2023 17:19

قطر کے سابق وزیر خزانہ پر رشوت ستانی اور بدعنوانی کے الزامات
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 مارچ 2023ء ) قطر کے سابق وزیر خزانہ کو رشوت ستانی اور بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے۔ قطر نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ 54 سالہ علی شریف العمادی کو دیگر مدعا علیہان کے ساتھ مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا، جنہیں مئی 2021 میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ مشرق وسطیٰ کے سب سے بااثر کاروباری ایگزیکٹوز میں سے ایک تھے۔

استغاثہ نے کہا کہ سابق وزیر پر رشوت خوری، عوامی پیسے کی تخصیص، عہدے کا غلط استعمال، اختیارات کے ناجائز استعمال، عوامی پیسے کو نقصان پہنچانے اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ آیا العمادی کے پاس کوئی وکیل تھا، ریاستی خبروں کی رپورٹ میں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ سابق وزیر پر کتنی رقم کی چوری کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ العمادی ملک میں اس وقت نمایاں ہوا جب موجودہ امیر نے تخت سنبھالا اور قطر نیشنل بینک کو مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے قرض دہندہ میں تبدیل کرنے کی نگرانی کی، العمادی کی گرفتاری سے عین قبل قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے وزراء کے لیے قانونی چارہ جوئی سے استثنیٰ ختم کرنے کے قانون میں ترمیم کی۔ معلوم ہوا ہے کہ العمادی نے بینک کے چیئرمین، قطر کے خودمختار دولت فنڈ کے بورڈ میں اور طویل فاصلے تک چلنے والی کمپنی قطر ایئرویز کے ایگزیکٹو بورڈ کے صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں، لاس ویگاس میں قائم سوورین ویلتھ فنڈ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے پاس 475 بلین ڈالر کے اثاثے ہیں۔

استغاثہ نے کہا کہ تفتیش ملزم سے پوچھ گچھ، گواہوں کو سن کر اور تکنیکی رپورٹس کا جائزہ لے کر مکمل کر لی گئی ہے، تحقیقات سے واقف سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں متعدد کاروباری افراد اور سرکاری افسران سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔