مسجد الحرام میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کا آغاز

اعتکاف کے خواہشمند افراد کی اجازت شدہ تعداد رجسٹرڈ ہونے تک درخواستیں وصول کی جائیں گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 23 مارچ 2023 16:52

مسجد الحرام میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کا آغاز
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 مارچ 2023ء ) مسلمانوں کے مقدس ترین مقام مسجد الحرام میں رمضان المبارک کے دوران اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا۔ گلف نیوز کے مطابق اسلام کے دو مقدس ترین مقامات کے انچارج سعودی ریاستی ادارے نے کہا ہے کہ اعتکاف کی اسلامی رسم کے لیے مکہ کی عظیم الشان مسجد میں رجسٹریشن رمضان کے پہلے دن کے موقع پر آج (جمعرات) سے شروع ہو رہی ہے اور جب تک اعتکاف کے خواہشمند افراد کی اجازت شدہ تعداد رجسٹرڈ نہیں ہوجاتی درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

دو مقدس مساجد کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپنے اعتکاف کی اجازت یقینی بنانے اور ایمان کے مستحکم ماحول میں اسے انجام دینے کو آسان بنانے کے لیے رجسٹریشن میں جلدی کریں، اعتکاف کے لیے رجسٹریشن نسک ایپ کے ذریعے دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

اعتکاف کا مطلب ایک مسلمان مسجد میں عبادت کرنے اور اللہ کا قرب حاصل کرنے کے واحد مقصد کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مثال کی پیروی کرتا ہے، عام طور پر رمضان کے قمری مہینے کے آخری 10 دس دنوں میں اعتکاف کیا جاتا ہے، پچھلے سال سعودی عرب نے وبائی مرض کورونا کے باعث پابندیوں کی وجہ سے دو سال کی معطلی کے بعد اعتکاف کی غرض سے فرزندان توحید کو رمضان المبارک کے دوران مسجدالحرام میں واپس آنے کی اجازت دی تھی۔

اس حوالے سے اعتکاف خدمات کی انچارج کمیٹی نے کہا ہے کہ عظیم الشان مسجد میں اعتکاف کی جگہیں تیار کر لی گئی ہیں، اس ہفتے کے شروع میں دو مقدس مسجدوں کے امور کے جنرل پریزیڈنسی کے سربراہ عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ رمضان المبارک کے آپریشن پلان کے تحت گرینڈ مسجد کی جگہوں پر تقریباً 2500 اعتکاف کرنے والے نمازیوں کو ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔