Live Updates

بھکاری بنانے کی بجائے صنعت کاروں کو ان پٹ میں سبسڈی دی جائے،پاسبان

جمعرات 23 مارچ 2023 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2023ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت کی احمقانہ پالیسیوں سے ملک کی صنعتیں دیوالیہ ہو رہی ہیں۔ نئی پالیسیاں کھاؤ' پیو اور عیش کرو کے وژن کو سامنے رکھ کر بنائی جا رہی ہیں۔ پٹرولیم سبسڈی صرف موٹر سائیکل سواروں کو دے کر سرکاری اہلکاروں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لئے کرپشن کا دروازہ کھول دیا گیا ہے۔

کمپنی کا دوہرا اکاؤنٹ سنبھالنے والے ملک کی معیشت نہیں سنبھال سکتے ہیں۔ تکنیکی طور پر پاکستان ڈیفالٹ کر چکا ہے۔ اگر صنعت کار کی ضروری برآمدات پر قدغن لگائی جائے گی تو صنعتیں کیسے چلیں گی ملک کو مضبوط معاشی پروگرام اور مالیاتی نظم و ضبط کی ضرورت ہے۔ ملک میں لوگوں کو بھکاری بنانے کی بجائے صنعت کاروں کو ان پٹ میں سبسڈی دی جائے۔

(جاری ہے)

صنعتوں کو بجلی، عام صارفین کے نرخ پر فراہم کی جائے اور اس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

بنیادی انتظامی ڈھانچے میں انقلابی تبدیلیوں کے بغیر ملک صنعتی ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا ہے۔ اکیسویں صدی میں سترھویں صدی کا گلا سڑا غلامانہ نظام مسائل حل نہیں کر سکتا ۔ آزمائے ہوئے سیاست دانوں کو آزمانا جہالت ہے۔ اسٹیک ہولڈرز بڑے مسائل سے نکلنے کے لئے بڑے فیصلے کریں۔ پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں ملکی صورتحال ، معیشت کی تباہ حالی اور ممکنہ حل پر گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی پی کے جنرل سیکیرٹری اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ قرآن ہمارے لئے مقدس ہے لیکن تاجروں کے سامنے قرآنی آیات کی تلاوت سے ان کے پیچیدہ مسائل حل نہیں ہو جائیں گے۔

علی بابا اور چالیس چوروں کے ٹولے میں ملک کی معیشت سنبھالنے کی صلاحیت نہیں ہے۔ ملک کو دیوالیہ پن کے قریب لانے میں عمران خان کا بھی برابر کا ہاتھ ہے۔ شہباز شریف کسی بڑی کمپنی میں ایڈمن منیجر کی نوکری نہیں کر سکتے ،وہ ملک کیا چلائیں گے۔اگر اسٹیک ہولڈرز کی نظریں اب بھی بگ تھری پر لگی ہوئی ہیں تو پھر اس ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات