صدر کا خط، نواز شریف نے وزیر اعظم کو اہم ہدایت کر دی

وزیر اعظم شہباز شریف نے خط کے جواب کے لیے مشاورت تیز کر دی، نواز شریف نے ہدایت کی کہ جواب میں تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 25 مارچ 2023 23:16

صدر کا خط، نواز شریف نے وزیر اعظم کو اہم ہدایت کر دی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ 2023ء) صدر مملک عارف علوی کے خط پر نواز شریف نے وزیر اعظم کو اہم ہدایت کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے خط کے جواب کے لیے مشاورت تیز کر دی، نواز شریف نے ہدایت کی کہ جواب میں تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں۔ شہباز شریف سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سمیت اہم پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں صدر کے خط کا مؤثر جواب دینے کی تجویز دی گئی۔

حکومتی ترجمان اور پارٹی رہنما اس حوالے سے اپنا بھرپور ردعمل دیں گے۔ گزشتہ روز صدر نے وزیر اعظم کو الیکشن کے حوالے سے خط لکھا تھا جس میں کہا گیا کہ آپ متعلقہ حکام کو الیکشن کمیشن کی معاونت اور پنجاب و خیبر پختونخوا میں مقررہ وقت میں انتخابات کے لیے ہدایت کریں۔

(جاری ہے)

توہین عدالت سمیت مزید پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ خط کے مطابق ’وفاق اور صوبائی حکومت حکام کو الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایت کریں۔

متعلقہ انتظامی حکام کو انسانی حقوق کی پامالی سے باز رہنے کی ہدایت کی جائے۔ ماضی قریب میں انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا۔‘ ’پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا نے خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔ ایسے واقعات کو وزیر اعظم کے نوٹس میں لانے کی ضرورت تھی۔ واقعات کے تدارک اور اصلاح کے لیے انہیں نوٹس میں لایا گیا۔ صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل پر 90 دن میں انتخابات ضروری ہیں۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو صدر کو تاریخ تجویز کرنے کا حکم دیا۔ گورنر خیبر پختونخوا کو بھی عام انتخابات کے لیے تاریخ مقرر کرنے کا حکم دیا۔‘ انہوں نے وزیر اعظم کی توجہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب بھی مبذول کرائی۔ خط میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مظالم، شہریوں کے خلاف طاقت کے غیر متناسب استعمال کی سنگینی کا بھی ذکر بھی کیا گیا۔

عارف علوی نے خط میں لکھا تھا کہ لگتا ہے وفاق اور نگراں حکومتوں نے تعاون فراہمی معذوری ظاہر کرنے کا کہا اور متعلقہ محکموں کے سربراہان کو انتخابات پر معذوری ظاہر کرنے کا کہا گیا، آئین کے تحت وفاقی اور صوبائی ایگزیکٹو اتھارٹیز کا فرض ہے کہ مدد کریں، حکومتیں کمشنر اور الیکشن کمیشن کو ان کے فرائض کی انجام دہی میں مدد کریں، میری رائے میں ایگزیکٹو اتھارٹیز اور محکموں نے آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن نے 30 اپریل کو پنجاب انتخابات کے اپنے اعلان پر عمل نہیں کیا، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم کی کھلی خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کے پی انتخابات کے لیے 8 اکتوبر کی تاریخ کا اعلان کیا۔