سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس کو حادثہ، 20 زائرین جاں بحق

مقامی اور غیر ملکی عمرہ زائرین کو خمیس مشیط سے مکہ مکرمہ لے جانے والی بس کو شمالی عسیر میں حادثہ پیش آیا

muhammad ali محمد علی منگل 28 مارچ 2023 01:07

سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس کو حادثہ، 20 زائرین جاں بحق
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مارچ2023ء) سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس کو حادثہ، 20 زائرین جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ایک افسوسناک اور انتہائی دلخراش ٹریفک حادثے میں 20 عمرہ زائرین جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ اس حوالے سے اردو نیوز کی رپورٹ کت مطابق سعودی علاقے شمالی عسیر میں عمرہ زائرین کی جس بس کو حادثہ پیش آیا، اس میں مقامی اور غیر ملکی عمرہ زائرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

عمرہ زائرین کی بس سعودی علاقے خمیس مشیط سے مکہ مکرمہ جا رہی تھی جب اسے شمالی عسیر میں حادثہ پیش آیا۔ حادثہ شمالی عسیر کے مشہور اور دشوار گزارعلاقے "شعار درہ" میں پیش آیا جب عمرہ زائرین کی بس پل کے حصے ٹکرا گئی، جس کے بعد بس ناصرف الٹ گئی، بلکہ دیکھتے ہی دیکھتے بس نے آگ بھی پکڑ لی۔

(جاری ہے)

حادثے کے فوری سیکورٹی فورسز اور امدادی ٹیموں فوری جائے حادثہ پہنچیں اور "شعار درہ" کو عام ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے بند کر دیا گیا۔

شہری دفاع اور ہلال احمر کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی کی، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد عسیر کے سینٹرل ہسپتال اور ابہا کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی عمرہ زائرین کی بس میں زیادہ تر غیر ملکی زائرین سوار تھے۔ آخری اطلاعات تک بس حادثے میں 20 عمرہ زائرین جاں بحق ہو چکے، 29 زائرین شدید زخمی حالت میں ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

حادثے میں جن غیر ملکی عمرہ زائرین کی موت واقع ہوئی، ان کی شہریت کے حوالے سے تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ بس کے بریک سسٹم میں خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا، تاہم تحقیقاتی ادارے حادثے کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر چکے، حتمی رپورٹ میں ہی حادثے کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔