Live Updates

خاتون جج دھمکی کیس،عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کل تک معطل

ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری تو جاری ہی نہیں کر سکتے،پہلے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوتے ہیں،وکیل پی ٹی آئی کا سیشن عدالت میں مؤقف

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 30 مارچ 2023 14:22

خاتون جج دھمکی کیس،عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کل تک معطل
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2023ء) خاتون جج دھمکی کیس،سیشن عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کل تک معطل کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کے فیصلے سے متعلق نظر ثانی اپیل پر سماعت ہوئی،سیشن جج سکندر خان نے اپیل پر سماعت کی۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل علی بخاری اور فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی وکیل نے عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج کا وارنٹ تبدیلی کا فیصلہ جمع کرایا اور بتایا کہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری تو جاری ہی نہیں کر سکتے،پہلے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوتے ہیں۔ عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دئیے،سیشن عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر کے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف نے خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف اپیل دائر کی۔

عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے خلاف سیشن کورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ جج ملک امان نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے، حالانکہ ہائیکورٹ نے سکیورٹی خدشات کے تحت 6 اپریل تک ضمانت منظور کی، اس لیے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ درست نہیں۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے سکیورٹی خدشات پر توشہ خانہ کیس جوڈیشل کمپلیکس منتقل کیا،عدالت میں پیشی سے اجتناب نہیں کر رہے، عمران خان پر ہونے والے حملہ کے بعد ان کی جان کو لاحق خطرات زیادہ ہو چکے ہیں،ان حالات میں حاضری سے استثنٰی کی درخواست کی لہٰذا مجسٹریٹ کا حکم فوراً معطل کیا جائے۔

خیال رہے کہ خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 18 اپریل کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات