ڈیجیٹل میڈیا کے کارکنان نے دن رات محنت کر کے مردم شماری ہماری ریڈ لائن کے ہیش ٹیگ کو ٹاپ ٹرینڈ بنایا وہ قابل تحسین، مصطفی کمال

جمعہ 31 مارچ 2023 21:13

ڈیجیٹل میڈیا کے کارکنان نے دن رات محنت کر کے مردم شماری ہماری ریڈ لائن ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2023ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحت ڈیجیٹل میڈیا کے کارکنان کا اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال،ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائمخانی اراکین رابطہ کمیٹی،ڈیجیٹل میڈیا کے مرکزی ذمہ داران سمیت ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے دن رات محنت سے کام کرنے پر ڈیجیٹل میڈیا کے کارکنان کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ڈیجیٹل میڈیا کے کارکنان نے دن رات محنت کر کے ‘‘مردم شماری ہماری ریڈ لائن’’کے ہیش ٹیگ کو ٹاپ ٹرینڈ بنایا وہ قابل تحسین ہے، تمام کارکنان کو ابھی اور محنت کرنا ہوگی ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ارباب اختیار ہمارے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے مردم شماری کے حوالے سے بات کرکے اعتماد میں نہیں لے لیتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اس وقت ڈیجیٹل ہتھیار بن چکا ہے اب ہمیں اپنے مسائل ارباب اختیار تک پہنچانے کیلئے کسی کے دروازے پر جانے کی ضرورت نہیں بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہم اپنا مسئلہ دنیا کے سامنے رکھ سکتے ہیں لیکن اس کیلئے ہم کو محنت لگن اور ایمانداری سے اپنے کام کو سرانجام دینا ہوگا۔مصطفی کمال نے کہا کہ جب کراچی کی آبادی کو کم شمار کیا جائے گا تو کراچی کے وسائل پر بھی ڈاکا مارا جائیگا ایسے کراچی کے مسائل کبھی حل نہیں ہونگے۔

ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ کراچی کے عوام کو درست شمار کروائیں کیونکہ اس بار بھی کراچی کی آبادی کو کم شمار کرنے کی سازش ہورہی ہے،کچے کے ڈاکوؤں نے منظم سازش کے تحت کراچی کے وسائل کو ہڑپ کرنے کا سوچ لیا ہے،اگر ہمیں درست شمار نہیں کیا گیا تو اس کا نقصان کراچی میں رہنے والی تمام لسانی اکائیوں کو ہوگا، انکا کہنا تھا کہ ارباب اختیار کو کراچی کے عوام کا ذرا برابر بھی احساس ہے تو خدارا اس شہر کے وسائل کو کچے کے ڈاکوؤں کو لوٹنے نہیں دیں اور اپنا کردار ادا کرکے کراچی کے عوام کو درست شمار کروائیں۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ واضح دستاویز ثبوت موجود ہیں، نادرا اور کراچی کو سروسز دینے والے اداروں کا ڈیٹا موجود ہے جو ادارہ شماریات کی جعلی ہاؤس ہولڈ گنتی کو غلط ثابت کرنے کیلئے کافی ہے، اس بار ہم بھی فیصلہ کرلیا ہے کہ زیادتی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ آخری حد تک جائیں گے کیوں کہ یہ ہماری نسلوں کا مسئلہ ہے۔#