سی آئی اے کے سربراہ کا انٹیلی جنس تعاون کو تقویت دینے کے لیے سعودی عرب کا دورہ

جمعرات 6 اپریل 2023 12:51

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2023ء) امریکی حکام نے کہا ہے کہ سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی ای)کے سربراہ ولیم (بل)برنز رواں ہفتے سعودی عرب میں موجود تھے جہاں انھوں نے سعودی حکام سے ملاقات کی ہے اور انٹیلی جنس تعاون کے حوالے سے امریکی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق ایک امریکی عہدہ دار نے بتایا کہ ڈائریکٹر ولیم برنز نے سعودی عرب کا دورہ کیا ہے جہاں انھوں نے اپنے انٹیلی جنس ہم منصب اور ملکی رہنمائوں سے ملاقاتیں کی ہیں اوران سے دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کے بارے میں بات چیت کی ہے۔

اس عہدہ دار نے مزید کہا کہ برنز نے انٹیلی جنس تعاون بڑھانے، خاص طور پر انسداد دہشت گردی جیسے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے امریکا کے عزم کا اعادہ کیاہے۔