مظفرگڑھ ،وفاقی وزیر مملکت غلام محمد رضا ربانی کھر نےسویٹ ہوم کے 100 یتیم بچوں میں تحائف اور ان کی بیوہ ماؤں میں راشن تقسیم کیا

بدھ 19 اپریل 2023 16:45

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2023ء) وفاقی وزیر مملکت برائے تجارت ملک غلام محمد رضا ربانی کھر نے پاکستان بیت المال سویٹ ہوم کوٹ ادو(یتیم خانہ) کا دورہ کیا اور بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے اور انکی بیوہ ماؤں کو راشن بیگز د دیئے ۔ ایک راشن بیگ میں آٹا گھی چینی دالیں چاول چائے مصالحہ جات سویاں وغیرہ تھیں۔ وفاقی وزیر تجارت کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سید کاشف سلیم نے ادارے کے بارے میں بریفنگ دی اور سویٹ ہوم کے بچوں نے انھیں ویلکم کیا۔

اس موقعہ پر ملک غلام ،محمد رضا ربانی کھر بچوں کے ساتھ گھل مل گئے، وفاقی وزیر سے عید کے تحائف ملنے پر بچوں کی خوشی دیدنی تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک غلام محمد رضا ربانی کھر نے کہا ہے کہ وہ وقتا فوقتا ادارے کا وزٹ کرتے رہیں گے اور جتنا ان سے بن پڑا وہ ان یتیم بچوں کے چہروں پر مستقل بنیادوں پر خوشیاں لانے کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم کا پراجیکٹ جو کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے شروع کیا تھا ایک بہترین پراجیکٹ ہے جہان پر رہنے والے یتیم بچے بہترین اداروں سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ا نہوں نے اس امر کی خواہش کا بھی اظہار کیا کہ اس طرح کے پراجیکٹ مزید کھلنے چاہیں اور وہ کوشش کریں گے کہ اپنے انتخابی حلقے میں ایک اور سویٹ ہوم کے قیام کے لیے اقدامات کریں ۔

یتیم بچوں کے سرپرست اور انکی مائیں راشن بیگز ملنے پر بہت خوش تھیں اور وفاقی وزیر کو ڈھیروں دعائیں دیں کہ جن کی شفقت اور محبت سے انکے گھروں میں اچھی عید گزرے گی۔ اس موقعہ پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید کاشف سلیم نے میڈیا کے توسط سے کوٹ ادو کے مخیر حضرات سے اپیل کی اس ادارے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے طور پر چلانے میں اپنا کردار ادا کریں اور ان یتیم۔بچوں کے سروں پر شفقت کا ہاتھ رکھیں،وفاقی وزیر نے اس موقعہ پر سٹاف کی کاوشوں بالخصوص انچارج ارم اعظم کو سراہا کہ وہ بہترین انداز میں ادارہ چلا رہے ہیں اور اس بات کا ثبوت اس ادارے میں رہنے والے بچوں کے چہروں پر خوشی سے عیاں ہے۔\378