سیاسی رہنماؤں سے مذاکرات کا مقصد ماحول کو بہتر بنانا اور غیر جمہوری قوتوں کی مداخلت روکنا ہے ، رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

منگل 25 اپریل 2023 20:15

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2023ء) جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ،سیاسی رہنماؤں سے مذاکرات کا مقصد سیاسی ماحول کو بہتر بنانا اور غیر جمہوری قوتوں کی مداخلت کو روکنا ہے ، تمام جماعتوں نے جماعت اسلامی کی پرخلوص کوششوں کو سراہا ہے ،امید ہے ہر جماعت مثبت فیصلہ کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لطیف آباد کے مقامی بینکوئٹ میں جماعت اسلامی حیدرآباد کی سالانہ عید ملن پارٹی کے شرکا سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی ،صوبائی نائب امیر ممتاز سہتو ، صوبائی ڈپٹی سکرٹریز عبدالوحیدقریشی ، حافظ طاہر مجید اور ضلعی امیر عقیل احمد خان نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

عید ملن میں عمائدین شہر اور جماعت اسلامی کے کارکنوں نے کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے لیکن یہ معاشی ، سیاسی ، معاشرتی اور آئینی بحران سے دوچار ہے ،تاہم اس صورتحال سے نکلنے کے لیے سیاستدان بہتر راستہ نکال سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی بگڑتی ہو ئی صورتحال کا جماعت اسلامی نے سنجیدگی سے جائزہ لیا ، ہم سمجھتے ہیں کہ مسائل کا حل سیاست دانوں کے ہاتھ میں ہے ،وہ انا پرستی ،ضد ، ہٹ دھرمی اور میں نہ مانوں کا راستہ چھوڑ کر آئین کے مطابق جمہوری راستہ اختیار کریں اور ایسا باہمی مذاکرات کے زریعے ہی ممکن ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی رہنماؤں سے مذاکرات کا مقصد سیاسی ماحول کو بہتر بنانا اور غیر جمہوری قوتوں کی مداخلت کو روکنا ہے حکومتی و اپوزیشن جماعتوں نے جماعت اسلامی کی پرخلوص کوششوں کو سراہا ہے ،امید ہے ہر جماعت مثبت فیصلہ کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ عالمی قوتیں پاکستان میں شام ، لیبیا ، عراق ، لبنان اور یمن جیسے حالات پیدا کرسکتی ہیں لہٰذا سیاستدان اپنے فیصلے خود کریں ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ صرف پنجاب میں انتخابات ہوئے تو آئندہ مسائل حل ہو نے کے بجائے مزید پیچیدہ ہو جائیں گے اس لیے مل جل کر ملک میں عام انتخابات کے لیے ایک تاریخ کا تعین کیا جائے اس کے لیے کسی کو دو قدم آگے اور کسی کو دوقدم پیچھے ہٹنا ہو گا۔