بے سہارا افراد بالخصوص بے سہارا خواتین کی مدد کرنا بہت بڑی نیکی ہے۔ شرمیلا فاروقی

جمعرات 27 اپریل 2023 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ بے سہارا افراد باالخصوص بے سہارا خواتین کی مدد کرنا بہت بڑی نیکی ہے، جو ادارے اور افراد اس عظیم مقصد سے وابستہ ہیں وہ تعریف کے مستحق ہیں۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے ادارہ آغوش کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ادارے کی انتظامیہ نے رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو بے سہارا خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہی دی۔اس موقع پر شرمیلا فاروقی نے ادارے میں موجود خواتین سے ان کے مسائل بھی پوچھے اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیااور ان کی تعریف بھی کی۔ شرمیلا فاروقی نے مذید کہا کہ معاشرے میں موجود بے سہارا افراد کی مدد اور دیکھ بھال کے لئے مخیر حضرات اپنا کردار ادا کریں اور اس مقصد کے لئے کام کرنے والے اداروں کی بھرپور مدد کریں۔