ملیر میں جے ڈی سی فائونڈیشن کی جانب سے فری ڈائلیسز سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا

جمعہ 28 اپریل 2023 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2023ء) جے ڈی سی فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے ملیر میں فری ڈائلیسز سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ے ڈی سی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گردوں کے مریضوں کیلئے جے ڈی سی کی جانب سے ایک اور فری ڈائیلیسز سینٹر کا قیام یقینا قابل ستائش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں جے ڈی سی کی بلامعاوضہ خدمات مثالی ہیں۔ اس موقع پر ڈی سی کورنگی ڈاکٹر محمد علی زیدی اور ڈی ایچ او کورنگی افضل اوڈھو نے بھی نہ صرف جمشید رضا ملیر فری ڈائلیسز سینٹر کو عوام کیلئے خوش آئند قرار دیا بلکہ جے ڈی سی کی فری ڈائگنوسٹک لیب، فری بلڈ بینک اور فری تھلیسیمیا سینٹر کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

(جاری ہے)

جنرل سیکرٹری جے ڈی سی ظفر عباس نے افتتاحی تقریب میں کہاکہ ملیر میں قائم ہونے والے ڈائلیسز سینٹر کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ یہاں ہیپاٹائیٹس بی اور سی کے مریضوں کیلئے بھی علیحدہ علیحدہ مشینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی اور صوبائی حکومت ساتھ دے تو کراچی سمیت ملک بھر میں اسی طرح فری ڈائلیسز سینٹر قائم کئے جاسکتے ہیں۔

ظفر عباس کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام منصوبوں کی طرح ملیر ڈائلیسز سینٹر بھی مکمل طور پر فری ہے، یہاں کوئی کیش کانٹر نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مخیر حضرات اور بڑی بڑی کمپنیاں اگر صحت کے شعبے میں ہمارے ہاتھ مزید مضبوط کریں گے تو ہم انشا اللہ سالانہ 3 لاکھ 60 ہزار فری ڈائلیسز کرکے گردوں کے مریضوں کی زندگی آسان بنائیں گے۔ ظفر عباس کا کہنا تھا کہ نمائش چورنگی پر جے ڈی سی کی فری ڈائیگنوسٹک لیب کا افتتاح بھی جلد کیا جائے گا جہاں لاکھوں روپے کے میڈیکل ٹیسٹ عوام بالکل مفت کرواسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :