شام جلد عرب لیگ میں واپس آجائے گا،وزیر خارجہ اردن

جمعہ 5 مئی 2023 14:36

عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2023ء) اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی نےکہا ہے کہ شام جلد عرب لیگ میں واپس آجائے گا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق تنظیم نے 2011 میں شام کی رکنیت اس بنا پر معطل کردی تھی کہ شامی صدر بشار الاسد نے بغاوت کے خلاف پرتشدد کریک ڈاؤن کیا جو خانہ جنگی میں تبدیل ہوگیا تھا۔ایمن صفادی نےکہا کہ شام کے پاس گروپ کے 22 ارکان میں سے کافی ووٹ تھے کہ وہ اپنی نشست دوبارہ حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شام کی جانب سے تنازعہ کو حل کرنے میں حقیقی پیش رفت کے لیے تیار رہنے سے اسے مغربی پابندیوں کے حتمی خاتمے کے لیے اہم عرب حمایت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔عرب لیگ کے ترجمان نے کہا کہ عرب وزرا7مئی کو مصر میں ملاقات کریں گے تاکہ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے علاقائی دباؤ کے درمیان بات چیت کی جا سکے۔سعودی عرب اور مصر سمیت متعددعرب ریاستوں نے حال ہی میں اعلیٰ سطح کے دوروں اور ملاقاتوں کے ذریعے شام کے ساتھ دوبارہ رابطہ قائم کیا ہے۔ قطر سمیت چند ممالک شام کے تنازعہ کے سیاسی حل کے بغیر اس کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے مخالف ہیں۔