امریکا، طلبہ کے ویزوں کی مدت مقرر، توسیع سخت جانچ پڑتال سے مشروط

ہفتہ 18 جولائی 2026 17:22

امریکا، طلبہ کے ویزوں کی مدت مقرر، توسیع سخت جانچ پڑتال سے مشروط
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2026ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر ملکی طلبہ، ثقافتی تبادلہ پروگراموں کے شرکا اور صحافیوں کے ویزوں کی مدت سے متعلق سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ برائے داخلی سلامتی نے حتمی ضابطہ جاری کرنے کا اعلان کیا جس کے تحت مدتِ قیام نامی قانونی سقم کو باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

حتمی ضابطے کے مطابق بین الاقوامی طلبہ کے ایف ویزے، ثقافتی تبادلہ پروگرام کے جے ویزے اور میڈیا نمائندوں کے آئی ویزے اب ایک مقررہ مدت کے لیے جاری کیے جائیں گے، اس سے قبل یہ ویزے امریکا میں متعلقہ تعلیمی پروگرام یا ملازمت کی مدت تک موثر رہتے تھے۔یہ ضابطہ فیڈرل رجسٹر میں شائع ہونے کے 60 روز بعد کانگریس کے جائزے سے مشروط ہو کر نافذ العمل ہو گا۔

(جاری ہے)

تازہ ضابطے کے تحت بین الاقوامی طلبہ، تبادلہ پروگراموں کے شرکا اور غیر ملکی صحافیوں کو امریکا میں قیام کے لیے نئی پابندیوں کا سامنا کرنا ہو گا۔نئے قواعد کے مطابق ایف اور جے ویزا رکھنے والے افراد کو زیادہ سے زیادہ 4 سال کے لیے امریکا میں داخلے کی اجازت ہو گی، جبکہ صحافیوں کے لیے جاری کیے جانے والے آئی ویزے، جو اس وقت کئی برس تک مثر رہ سکتے ہیں، اب زیادہ سے زیادہ 240 دن کے لیے ہوں گے، تاہم چینی شہریوں کے لیے یہ مدت صرف 90 دن مقرر کی گئی ہے۔

ڈی ایچ ایس کے مطابق ویزا ہولڈرز ضرورت پڑنے پر مدت میں توسیع کے لیے درخواست دے سکیں گے، درخواست گزاروں کو بائیو میٹرک تصدیق، پسِ منظر کی جانچ پڑتال اور دھوکا دہی کی چھان بین کے مراحل سے گزرنا ہو گا۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ایف ون ویزے کے حامل طلبہ کو ملک چھوڑنے کے لیے رعایتی مدت 60 روز سے کم کر کے 30 روزکر دی گئی ہے، جبکہ ایف اور جے ویزے میں توسیع لازمی وفاقی منظوری سے مشروط ہو گی۔