پاکستانی سفارت خانہ نے مصنوعی ذہانت، ویب 3 اور اسٹارٹ اپ اختراعات میں پاکستان ۔ جاپان تعاون کو فروغ دیا

جمعہ 17 جولائی 2026 15:29

پاکستانی سفارت خانہ نے مصنوعی ذہانت، ویب 3 اور اسٹارٹ اپ اختراعات میں ..
ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2026ء) ٹوکیو میں پاکستان کے سفارت خانے نے ایشیا ویب 3 الائنس جاپان کے تعاون سے پاکستان۔جاپان اسٹارٹ اپ اور اختراعی تقریب کا انعقاد کیا جس کا مقصد مصنوعی ذہانت (AI)، ویب 3، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور کاروباری جدت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا تھا،اس تقریب میں دونوں ممالک کی حکومتوں، صنعت، ٹیکنالوجی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور مختلف اسٹارٹ اپ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے جاپان میں پاکستان کے سفیر عبد الحمید نے پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعلقات میں ٹیکنالوجی اور اختراع کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت، ہنر مند ٹیکنالوجی افرادی قوت اور کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے اداروں، کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور اسٹارٹ اپ کمیونٹیز کے درمیان مضبوط شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

جاپان کے پارلیمانی نائب وزیر برائے ڈیجیٹل امور، ہیدیتو کاواساکی نے ڈیجیٹل مستقبل کی تشکیل: AI اور ویب 3 کے دور میں مشترکہ اسٹارٹ اپ تخلیق کے عنوان سے کلیدی پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت، ویب 3، محفوظ سرحد پار ڈیٹا کے بہاؤ اور ڈیجیٹل اختراع سے متعلق پالیسی پیش رفت سمیت جاپان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے وڑن کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے جاپان کے جدید ٹیکنالوجی اور اختراعی نظام اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو ایک دوسرے کے لیے تکمیلی قرار دیتے ہوئے اسٹارٹ اپس، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور اختراعی اداروں کے درمیان قریبی تعاون کی حوصلہ افزائی کی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور اختراع کے ذریعے ایک نئے ’’ڈیجیٹل سلک روڈ‘‘کی مشترکہ تعمیر کی ضرورت پر زور دیا۔

حکومتِ پاکستان کی وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے سیکرٹری ضرار ہاشم خان نے وزارت کے ’’ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان‘‘اقدام کے تحت پریزنٹیشن دیتے ہوئے پاکستان کے ٹیکنالوجی ٹیلنٹ، تیزی سے فروغ پاتے ہوئے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم اور ڈیجیٹل اختراع میں پاکستان۔جاپان تعاون کے مواقع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی مسابقتی برتری اس کی نوجوان، باصلاحیت اور اعلیٰ تربیت یافتہ ڈیجیٹل افرادی قوت ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی، اختراع اور کاروباری شعبوں میں مزید تعاون کی حوصلہ افزائی کی۔

پروگرام کا اختتام پاکستان۔جاپان اسٹارٹ اپ اور اختراعی ماحولیاتی نظام میں شراکت داری کی تعمیر کے موضوع پر ایک پینل مباحثے کے ساتھ ہوا، جس میں جناب جوناتھن ٹی (500 گلوبل مینٹور، وینچر کیپیٹل ایڈوائزر اور اسٹارٹ اپ ایکسلریٹر پروگرام لیڈر( اور محترمہ توموکو تاکاساکی )آئی بیکس جاپان کے کے میں ویب 3 انوویشن پلیٹ فارم کی سربراہ اور اینٹلر آئی بیکس میں سینئر منیجر) نے شرکت کی۔

اس نشست کی نظامت ایشیا ویب 3 الائنس جاپان کی صدر محترمہ ہنزہ آصف نے کی۔پینل مباحثے میں جاپانی مارکیٹ میں داخلے کے خواہاں پاکستانی اسٹارٹ اپس کے لیے سرمایہ کاروں کی تیاری، بین الثقافتی روابط اور مارکیٹ میں داخلے کی حکمت عملیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے AI Founder Programme جیسے ایکسلریٹر پروگراموں کے کردار، پاکستانی بانیوں کو جاپانی سرمایہ کاروں اور صنعتی شراکت داروں سے جوڑنے کے عملی طریقوں، اور مصنوعی ذہانت کے نظم و نسق، ڈیٹا سکیورٹی اور ضابطہ جاتی فریم ورک کے شعبوں میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانی اسٹارٹ اپس، ٹیکنالوجی کمپنیوں، جامعات، کاروباری انجمنوں اور متعلقہ سرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ سرمایہ کاروں کی ضروریات کے مطابق اپنی تیاری بہتر بنائیں، ایکسلریٹر پروگراموں میں فعال شرکت کریں اور جاپانی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ شراکت داریاں قائم کرتے ہوئے جاپان کے اختراعی ماحولیاتی نظام سے بھرپور استفادہ کریں۔

پاکستانی سفارت خانے نے ٹیکنالوجی پر مبنی شراکت داری، اسٹارٹ اپ روابط اور اختراع پر مبنی اقتصادی تعاون کے فروغ کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ سفارت خانہ اس امید کا اظہار کرتا ہے کہ دونوں ممالک کے سرکاری اور نجی شعبے کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ان مباحثوں کو عملی شراکت داری، سرمایہ کاری کے مواقع اور اختراع و ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں طویل المدتی تعاون میں تبدیل کیا جائے گا۔