پاکستان نے چین میں کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھنے والے سینئر سفارت کار محمد مدثر ٹیپو کو ایران میں اپنا نیا سفیر مقرر کر دیا

چین میں کام کا وسیع تجربہ رکھنے والے سینئر سفارت کار محمد مدثر ٹیپو ایران میں نئے سفیر تعینات ٹیپو پہلے ڈائریکٹر جنرل (چین) اور چینگڈو میں قونصل جنرل رہ چکے ہیں،رپورٹ

اتوار 7 مئی 2023 16:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2023ء) پاکستان نے چین میں کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھنے والے سینئر سفارت کار محمد مدثر ٹیپو کو ایران میں اپنا نیا سفیر مقرر کر دیا ۔ ٹیپو پہلے ڈائریکٹر جنرل (چین) اور چینگڈو میں قونصل جنرل رہ چکے ہیں، ان کو یہ اہم عہدہ سونپا گیا ہے۔گوادر پرو کے مطابق اس تقرری کو ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو پاکستان، چین اور ایران کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دے سکتا ہے، خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )کے تناظر میں۔

گوادر پرو کے مطابق سیچھوان یونیورسٹی کے پاکستان اسٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر سونگ زیہوئی نے ایران میں نئے سفیر کی تقرری کی اہمیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ایران کی بڑھتی ہوئی جغرافیائی اہمیت، خاص طور پر چین کی جانب سے سعودی ایران مفاہمت اس ذمہ داری کو اہم بناتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق پاکستان اس عمل میں متحرک کردار ادا کر سکتا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کو خاطر خواہ سیاسی اور اقتصادی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔

پروفیسر نے اس بات پر زور دیا کہ ایران، پاکستان، چین اور سعودی عرب علاقائی اقتصادی ترقی، روابط اور تجارتی مواقع کو فروغ دینے میں فطری شراکت دار ہیں۔گوادر پرو کے مطابق پروفیسر سونگ نے پاکستان اور ایران کے درمیان اہم ہمسایہ تعلقات پر زور دیا، اسلام آباد تہران کے ساتھ سفارتی، اقتصادی اور سیکورٹی تعلقات کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایران چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی)میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر ایک اہم مقام رکھتا ہے، جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پی ای سی)ہم آہنگی کے کلیدی نقطہ کے طور پر کام کر رہی ہے۔

گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان، ایران اور دیگر علاقائی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون کو فروغ دینے سے خطہ اقتصادی ترقی میں مضبوط فروغ حاصل کر سکتا ہے، جس سے اربوں لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ گوادر پرو کے مطابق سی پیک کی طویل مدتی فزیبلٹی اور تاثیر کو مدنظر رکھتے ہوئے، ایران نے اس بڑی اقتصادی راہداری میں شامل ہونے میں مسلسل دلچسپی ظاہر کی ہے۔ حال ہی میں، پاکستان اور ایران اپنے توانائی اور تجارتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ دونوں ممالک نے آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی ای)پر عمل درآمد کو تیز کرنے کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔