Live Updates

ہمارے قومی ادارے ہماری طاقت ہیں،جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہائوس لاہور کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں،پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری عامر محمودکیانی کا پریس کانفرنس میں پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان

بدھ 17 مئی 2023 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری عامر محمودکیانی نے پی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہےکہ ہمارے قومی ادارے ہماری طاقت ہیں،9 مئی قومی سانحے کا دن تھا اس دن ہونے والے واقعات نے میرے اوپر بہت اثر کیا ہے، جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہائوس لاہور کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں،9 مئی کے واقعات پر سوچا کہ کیا ہم سیاست اس لیے کر رہے ہیں کہ اداروں کو بھی ملوث کریں؟ ہماری بقاء اللہ کے بعد فوج کے ساتھ جڑی ہے، ہمارے جوان شہادتیں دے رہے ہیں،عرب اسپرنگ میں بھی وہاں کی فوج کو پہلے ہٹ کیا گیا یہ خطرناک کام ہے،اس وقت صورتحال جس نہج پر آ چکی ہے اس میں سیاست میں شامل نہیں رہ سکتا، اب سیاست نہیں کروں گا، البتہ انسانی حقوق سے متعلق لوگوں کی جو خدمت کر سکا کروں گا، ڈیڑھ ماہ سے لاہور نہیں گیا اور نہ ہی کوئی میٹنگ اٹینڈ کی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ عامر محمود کیانی نے پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت اور عہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا اور کہا کہ تحریک انصاف 1996 میں جوائن کی تھی، پی ٹی آئی کے ساتھ میرا 27 سال کا سفر ہے ۔ 9 مئی ایک قومی سانحے کا دن تھا، اس دن کے واقعات بہت تکلیف دہ تھے جنہوں نے مجھ پر بہت اثر کیا ہے، ہمارے خاندان کے اکثر لوگ فوج میں ہیں، میرے دادا اور خاندان کے دیگر افراد آرمی سے تعلق رکھتے ہیں، میں نے اپنے سارے سیاسی سفر کے دوران کبھی افواج پاکستان اور اداروں کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، اس وقت ملک میں ماحول خطرناک ہوگیا ہے ، میری سب سیاسی جماعتوں سے گزارش ہے کہ سب تحمل سے کام لیں ۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کی پارٹی میں چند لوگ جارحانہ رویہ رکھتے ہیں ، انھیں مشورہ ہے کہ آزمودہ ساتھیوں کے ساتھ مشاورت کریں اور کم بولنے کی حکمت پر عمل کریں۔ انھوں نے کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے المناک واقعات کے بعد میرا ضمیر مجھے اجازت نہیں دیتا کہ پارٹی میں مزید ذمہ داریاں سر انجام دوں، سیاسی جماعتوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے دروازے ایک دوسرے کیلئے کھلے رکھیں، جو ماحول بن گیا ہے وہ بہت خطرناک ہے،میرا نام ای سی ایل میں شامل ہے، باہر جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے،موروثی سیاست پر یقین نہیں رکھتا،مجھ پر کسی قسم کا کوئی دبائو نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئے روز ہمارے جوان شہادتیں دے رہے ہیں، جب بھی مشکل پڑی ہے فوج نے جانوں کی قربانیاں دی ہیں، ہماری بقاء اللہ کے بعد فوج کے ساتھ جڑی ہے، ہمارے ادارے ہماری طاقت ہیں، مجھے ان واقعات پر انتہائی تکلیف ہوئی ہے، افسوس ہے کہ 27سال بعد ان واقعات کی وجہ سے سیاست سے دستبردار ہونا پڑا، صورتحال اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ اب میں سیاست میں شامل نہیں رہ سکتا۔

انھوں نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ سے لاہور نہیں گیا اور نہ ہی پارٹی کی کوئی میٹنگ اٹینڈ کی، میں اب سیاست نہیں کروں گا تاہم اپنی ذاتی حیثیت میں انسانی حقوق سے متعلق لوگوں کی خدمت کروں گا۔ خیال رہےکہ عامر محمود کیانی این اے 61 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔ عامر محمودکیانی عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں، وہ پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور نارتھ پنجاب کے صدر بھی رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات