پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کا پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان

9 مئی کے واقعات میں ملوث لوگوں کو کیفر کردار تک لانا ضروری ہے،افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں،سابق وفاقی وزیر کا ویڈیو پیغام

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 27 مئی 2023 10:54

پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کا پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔27 مئی 2023ء) علی زیدی بھی تحریک انصاف اور سیاست کو خیر باد کہہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی ایک اور بڑی وکٹ گر گئی،پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے سیاست اور پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ علی زیدی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستان کی خدمت کی ہے،ملک کی خدمت کیلئے ہی سیاست میں آیا تھا۔

9 مئی کے واقعات کی مذمت پہلے بھی کر چکا ہوں اور دوبارہ مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں اور ان کی وجہ سے ہم سکون سے سوتے ہیں،افواج ملکی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے۔ 9 مئی کو جو ہوا وہ بہت غلط ہوا،واقعات میں ملوث لوگوں کو کیفر کردار تک لانا ضروری ہے۔ علی زیدی کا کہنا تھا کہ میں نے سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے،اس کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف سندھ کی صدارت اور دیگر پارٹی عہدوں سے بھی استعفٰی دیتا ہوں،میں پاکستان کی خدمت کرنے کی کوشش کروں گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں ابرارالحق اور سیف اللہ نیازی نے بھی پارٹی اور سیاست کو خیرباد کہہ دیا تھا، ابرارالحق نے کہا کہ سیاست میں وقت ضائع کرنے کی بجائے سوشل ورک پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔بچپن سے ہی والدین نے حب الوطنی کا درس دیا،شہداء کی داستانیں سنتے تو فخر ہوتا تھا، راشد منہاس شہید ، میجر عزیز بھٹی شہید ہمارے ہیروز تھے۔

انہوں نے کہا کہ بچپن سے ہی اپنی فوج کے ساتھ جذباتی وابستگی رہی ہے،اس کی جھلک ہر رویے سے آتی ہے۔ میں حج کرنے گیا تو سب نے کہا کہ ہماری دعائیں کرنا ،میں نے اپنے لئے شہادت کی دعا کی۔ ابرار الحق نے کہا کہ ہرسال سہارا فیڈریشن میں شہدا کی فیملیز کو بلاتے ہیں اور انہیں تحفے تحائف دیئے جاتے ہیں۔ پھر میں سیاست میں آیا جس کا مقصد شہرت حاصل کرنا نہیں تھا،میں نے اپنی جوانی کا وقت سہارا ٹرسٹ کو دیا،اربوں کے منصوبے ہیں،سیاست میں آنے کا خواب بڑے لیول پر سوشل ورک کرنا تھا۔