Live Updates

جڑواں شہروں کی متعدد سڑکوں پر عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف دیوار شرم بنا دی گئیں

جگہ جگہ لگائے گئے بینرز پر وال آف شیم ، یوم مذمت اور غدار پاکستان کے نعرے درج ہیں ،شہریوں کی جانب سے مذمتی ریلیاں بھی نکالی گئیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 27 مئی 2023 13:09

جڑواں شہروں کی متعدد سڑکوں پر عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔27 مئی 2023ء) 9 مئی کو چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے حامیوں کی جانب سے ملک بھر میں پرتشدد ہنگامے کیے گئے،سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے۔پولیس کی جانب سے مختلف ویڈیوز اور جیو فینسنگ کے ذریعے حملوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے اور شناخت پریڈ کرنے کا عمل جاری ہے۔

نو مئی کے واقعات نے پاکستان کا سیاسی منظرنامہ بالکل بدل کر رکھ دیا۔پی ڈی ایم جماعتوں کا دعویٰ ہے کہ نومئی کے واقعات باقاعدہ منصوبہ بندی کا نتیجہ تھے۔اور اب اسلام آباد اور راولپنڈی میں جگہ جگہ پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف دیوار شرم بنا دی گئیں۔
جڑواں شہروں کی کئی سڑکوں پر درجنوں بینرز آویزاں کیے گئے جن پر پاکستان تحریک انصاف کی سینئر لیڈر شپ کی تصاویر ہیں جن پر مختلف نعرے لکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

مری روڈ پر بھی درجنوں بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جن پر وال آف شیم اور یوم مذمت، غدار پاکستان لکھا گیا ہے۔فلیکس پر عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی تصاویر پر جوتوں کے نشانات بھی بنائے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بینرز راتوں رات لگائے گئے ہیں جبکہ بینرز لگانے والوں کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔یہ بینرز تاحال انتظامیہ کی جانب سے نہیں ہٹائے گئے۔کچھ بینرز پر 9 مئی کے واقعات سے متعلق توڑپھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی تصاویر بھی ہیں۔
ملک کے تقریباً تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عمران خان اور ان کی پارٹی کے دیگر رہنماؤں کیخلاف مذمتی ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ دو سری جانب نو مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی چھوڑنے والوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات